ہندوستان کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی کیلئے اپوزیشن پارٹیوں نے عمران خان پر کی تنقید

اسلام آباد،23 ستمبر (سیاست ڈاٹکام ) پاکستان کی دو اہم اپوزیشن پارٹیوں نے ہندوستان کے ساتھ سیاسی تعلقات خراب کرنے کے سلسلے میں عمران خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہندوستان کے ساتھ بات چیت میں عجلت پسندی کا مظاہرہ کرکے ملک کے وقار کو نقصان پہنچایا ہے ۔اپوزیشن پارٹیوں نے کہا کہ وزیراعظم کو عجلت پسندی میں پڑوسی ملک کو خط نہیں لکھنا چاہئے تھا،اس سے ملک کی کمزوری ثابت ہوتی ہے ۔پاکستان مسلم لیگ ۔نواز(پی ایم ایل۔این) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماؤں نے اتوار کو الزام لگایا کہ مسٹر خان نے مذاکرات کے لئے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھنے میں جلد بازی کی۔ انہوں نے اپنا ‘ہوم ورک’ صحیح ڈھنگ سے نہیں کیا اور نہ ہی صورت حال کا جائزہ لیا۔ سمجھ میں یہ بات نہیں آرہی ہے کہ بات چیت کے لئے دعوت نامہ بھیجنے کی عمران خان کو اتنی جلدی کیوں تھی۔ اس پڑوسی ملک نے ہماری کمزوری بھانپ لی ہے ۔ مسٹرعمران خان کا یہ قدم غلط تھا۔ پی ایم ایل۔ این کے سربراہ اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ بین الاقوامی برادری سے ہندوستانی فوج کے سربراہ کے مبینہ انتہاپسندانہ بیان پر توجہ مرکوز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ”پاکستان ہندوستان کے کسی بھی حملے کا معقول جواب دینے کی بہت ہی مضبوط حالت میں ہے ۔”