ہندوستان کے خلاف پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کا انتخاب

لاہور۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 4 جون کو اپنا پہلا میچ روایتی حریف ہندوستان کے خلاف کھیلے گی جس کے لئے قطعی11کھلاڑیوں کی تیاری حتمی مراحل میں ہے۔ ہند۔پاک مقابلے کو چیمپئنز ٹرافی کے مقابلوں میں انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے کیونکہ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بڑے ایونٹ میں ہی دیکھنے میں آتا ہے۔ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان اس اہم مقابلے کے لئے 25 ہزار نشستوں والے واروکشائر کاؤنٹی کے گراؤنڈ میں میچ کی تمام ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔چیمپئنز ٹرافی کے گروپ ‘‘بی’’میں موجود پاکستان اور ہندوستان کی ٹیموں کا یہ ٹورنمنٹ میں پہلا میچ ہوگا۔ہندوستان کے خلاف اعصاب شکن مقابلے کیلئے پاکستانی ٹیم میں ممکنہ طور پر جو 11 کھلاڑی شامل ہوسکتے ہیں ان میں کپتان سرفراز احمد کے علاوہ احمد شہزاد، اظہر علی، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، عماد وسیم، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر اور جنید خان کے نام ہیں۔تاہم پاکستان کے 11 کھلاڑیوں کیلئے ٹیم انتظامیہ ابھی چند کھلاڑیوں کے حوالے سے نتیجے پر نہیں پہنچ سکا۔انتظامیہ بائیں ہاتھ کے اوپنر فخر زمان کو بہت اہمیت دے رہی ہے لیکن فخر زمان ابھی تک کوئی ونڈے نہیں کھیلے ہیں۔