ہندوستان کے ’ خطرے ‘ کا جواب دینا چاہئے : مشرف

ہندوستانی قائدین کے بیانات نہایت ہی سنگین اور نازک
واشنگٹن ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سابق فوجی سربراہ پاکستان پرویز مشرف نے جو 1999 میں پاکستان کی کارگل جنگ کے ذمہ دار ہیں ۔ کہا ہے کہ ہندوستانی قائدین اور فوجی سربراہوں کے سخت بیانات کا موثر جواب دیا جانا چاہئے ۔ اری حملہ کے فوری بعد ہندوستانی قیادت کے بیانات سنگین ہیں ۔ پرویز مشرف نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں ایسے موقع پر ہندوستان کو جواب دینے کے حق میں ہوں سابق پاکستانی فوجی ڈکٹیٹر نے ہندوستانی قائدین اور فوجی عہدیداروں کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیانات سنگین نوعیت کے اورخطرناک ہیں ۔ ان سے یہ پوچھا گیا کہ آیا انہوں نے خطرات کا جواب دینے کی تجویز پیش کی ہے تو مشرف نے کہا کہ جی ہاں کیوں کہ وہ لوگ ہم کو دھمکیاں دے رہے ہیں کہ ہم پر حملہ کریں گے ۔ وقت اور مقام کا فیصلہ وہ خود کرنے والے ہیں ۔ اب ہم کو بھی اس کا جواب دینے کی تیاری کرنی ہوگی ۔ وزیراعظم ، وزیر دفاع اور فوجی جنرل کے سواء کوئی بھی فیصلہ کرنے کا مجاز نہیں ہے ۔ یہ ایک سنگین معاملہ ہے ۔۔