ہندوستان کی بلا اشتعال فائرنگ میں ہمارے تین فوجی ہلاک: پاکستان

اسلام آباد ۔ 2اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے منگل کے روز ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے قریب ہندوستانی فوج کی بلااشتعال فائرنگ میں پاکستان کے تین فوجی ہلاک ہوگئے ۔ فوجی ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کی جو لائن آف کنٹرول کے قریب راؤلا کوٹ علاقہ میں ہے ۔ غفور نے کہا کہ پاکستانی فوج نے بھی موثر انداز میں جواب دیا ۔ دریں اثناء پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے ’’ وزیراعظم ‘‘ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ان کی حکومت انتہائی حساس علاقوں سے وہاں کے شہریوں کا تخلیہ کروانے کا منصوبہ بناچکی ہے ۔ بشرطیکہ کوئی ہنگامی حالات پیدا ہوں ۔ یاد رہے کہ ہند و پاک کے درمیان تعلقات جو جموں و کشمیر کے پلوامہ ڈسٹرکٹ میں ہوئے دہشت گرد حملوں کے بعد بیحد کشیدہ ہوگئے ہیں ۔