ہندوستان کیخلاف میچ فائنل سے بڑا مقابلہ :جنید

برمنگھم ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی جانب سے 58 ونڈے مقابلوں میں 86 وکٹیں حاصل کرنے والے بائیں ہاتھ کے تیزبولر جنید خان نے کہاہے کہ ایجبسٹن میں 4 جون کو ہند۔پاک میچ چیمپئنز ٹرافی فائنل سے بھی بڑا مقابلہ ہے۔برمنگھم میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سب کی نظریں پاک ہندوستان مقابلے پر ہیں یہ ایک اہم مقابلہ ہے اور اس میچ میں اچھی کارکردگی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بلندی پر پہنچا سکتی ہے تاہم بحیثیت کھلاڑی ان کیلئے یہ ایک عام میچ ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ اسے ضرور بڑا میچ سمجھ رہے ہیں تاہم ٹیم پاکستان چاہے گی کہ ہر میچ جیت کیلئے کھیلے۔ اس سوال پر کہ ہندوستان کا کون سا بیٹسمین ہے جسے جنید پویلین بھیجنا چاہیں گے تو انہوں نے کہا کہ  کوئی ایک نہیں پوری حریف  ٹیم کو آؤٹ کرنا ہمارے بولروں کا مقصد ہے ۔پاکستانی ٹیم کے تجربے کار اوپنر احمد شہزاد نے کہا کہ سرفراز کی زیر قیادت چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر توجہ مرکوز ہے۔ ہم کسی بات کو آسان نہیں لے رہے۔ چیمپئنز ٹرافی کی جیت ہمیں خوشی دے سکتی ہے ،بالخصوص ڈریسنگ روم کو اس کی بڑی ضرورت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں ٹیم متحد ہے ، ٹیم مینجمنٹ سرفراز کی قیادت میں نیا کمبی نیشن بنا رہی ہے ۔ ٹیم کی پوری کوشش ہے کہ ٹورنمنٹ کا فائنل کھیلے۔علاوہ ازیں  ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کے بموجب ہر انٹرنیشنل میچ اہم ہوتا ہے اور ہندوستان کے خلاف معمول کی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔