ہندوستان کیخلاف مقدمہ بے سود :ذکا اشرف

کراچی ۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ بگ تھری دنیائے کرکٹ کے لیے تباہی کا باعث بنا، میں نے اس کی مخالفت کی تھی۔ مخالفین کہتے تھے کہ پاکستان کا تنہا کھڑا ہے لیکن اب سب مانتے ہیں کہ وہ موقف درست تھا۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پیسہ کرکٹ کے پیچھے ہے۔ کرکٹ کو پیسے کے پیچھے نہیں بھاگنا چاہیے۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے خلاف آئی سی سی تنازعات کمیٹی میں پاکستان کا مقدمہ میری سمجھ سے بالاتر ہے۔ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ نے غلطی کی ہے اب اسے تسلیم کر لینا چاہیے۔ ہندوستان کیخلاف مقدمہ کرنے سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔ ہندوستان میں مودی حکومت ہے اور وہ پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے کی کبھی اجازت نہیں دے گی۔ ذکاء اشر ف نے کہا کہ انڈر 19ہمارا مستقبل ہے۔ ہماری تیاری کے لیے ایک بہترین منصوبہ ہونا چاہیے لیکن بدقسمتی سے اس طرف توجہ نہی دی جا رہی۔ پاکستان کی ہندوستان کے خلاف 200 سے زائد رنز سے شکست شرم ناک ہے۔