ہندوستان کیخلاف بیٹسمینوں سے بہتر مظاہرہ کا مطالبہ : مصباح

ڈھاکہ ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ٹورنمنٹ کے دلچسپ اور اہم ترین مقابلے سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے اپنے بیٹسمینوں سے مطالبہ کیا ہیکہ وہ اتوار کو ہندوستان کے خلاف کھیلے جانے والے اہم مقابلے سے قبل افغانستان کے خلاف بیٹنگ میں ہونے والی خامیوں پر قابو پاتے ہوئے مظاہروں کے معیار کو بلند کریں۔ پاکستانی ٹیم کو حالانکہ افغانستان کے خلاف 72 رنز کی کامیابی حاصل ہوئی لیکن افغانستانی فاسٹ بولروں نے اس کے ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کرتے ہوئے ٹیم کو 248 رنز تک محدود رکھا۔ مصباح نے ہندوستان کے خلاف اتوار کو کھیلے جانے والے مقابلے کے ضمن میں کہا کہ یہ ایک اہم مقابلہ ہے اور افغانستان کے خلاف کی جانے والی غلطیوں کا اعادہ نہیں کیا جاسکتا۔

آسٹریلیا ۔ جنوبی افریقہ آج فیصلہ کن ٹسٹ کا آغاز
کیپ ٹاؤن ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک ٹسٹ ٹیم جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کل یہاں سیریز کا تیسرا اور آخری ٹسٹ میچ شروع ہورہا ہے جوکہ سیریز میں فاتح ٹیم کا بھی فیصلہ کرے گا کیونکہ آسٹریلیا نے دورہ جنوبی افریقہ کا کامیاب آغاز کرتے ہوئے پہلا مقابلہ اپنے نام کیا تھا جبکہ دوسرے مقابلہ میں میزبان ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے سیریز کو 1-1 سے برابر کرلیا ہے۔ اہم اور فیصلہ کن ٹسٹ کے دوران دونوں ہی ٹیموں کے کپتان گرائم اسمتھ اور مائیکل کلارک پر ٹیم کو کامیابی دلوانے کے علاوہ خود انفرادی طور پر بہتر مظاہرہ کیلئے شدید دباؤ ہے۔ دونوں ٹیموں کیلئے صف اول کے فاسٹ بولروں کے مظاہرے اہمیت کے حامل ہوں گے جیسا کہ آسٹریلیا کیلئے مچل جانسن اور جنوبی افریقہ کیلئے دنیا کے نمبر ایک فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کا سیریز کیلئے فیصلہ کن رول ہوگا۔