ہندوستان کو تکلیف پر راہول کو خوشی کیوں ، بی جے پی کا سوال

نئی دہلی 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے صدر کانگریس راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے اُن سے سوال کیاکہ وہ اُس وقت جشن منانے کے موڈ میں کیوں ہیں جبکہ ہندوستان تکلیف میں مبتلا ہے۔ راہول گاندھی نے حکومت پر تنقید کی تھی جبکہ چین نے اقوام متحدہ کی قرارداد کا راستہ روکا تھا جو جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کے بارے میں تھی۔ قبل ازیں راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو ایک کمزور شخصیت اور صدر چین ژی جن پنگ سے خوفزدہ قرار دیا تھا۔ مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے کہاکہ راہول گاندھی جشن منانے کے موڈ میں کیوں ہیں جبکہ ملک چین کے اِس رویہ پر جمود کا شکار ہوگیا ہے۔ اُنھوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ٹوئٹر پر آپ کا پیغام ظاہر کرتا ہے کہ جیش محمد کی خوشی پر آپ کو خوشی ہوتی ہے جبکہ آج کا دن ہم سب کو شدید تکلیف پہونچ رہی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ دہشت کے خلاف کانگریس جنگ کرنے کی پابند نہیں ہے۔