ہندوستان کو آسٹریلیا کیخلاف 2-4 کی شکست

گلاسگو 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ہاکی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف بیسویں کامن ویلتھ گیمز کے گروپ اے کے ایک اہم مقابلہ میں بہتر مظاہرہ کے باوجود 2-4 کی شکست برداشت کی۔ گروپ مرحلہ کے تیسرے مقابلہ آسٹریلیا نے اُمیدوں کے مطابق ہی مقابلہ کا شاندار آغاز کرتے ہوئے ابتدائی دو منٹ کے وقفہ میں شاندار گول بناتے ہوئے مقابلہ کے پہلے نصف مرحلہ کو 3-0 کے ساتھ ختم کیا۔ مقابلہ کے دوسرے مرحلہ میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے خود کو یکجا کرتے ہوئے بہتر مظاہرہ کیا۔ آسٹریلیا کے لئے کریس کیریلو نے 14 ویں منٹ اور 49 ویں منٹ میں گول بنائے۔ جبکہ 16 ویں منٹ میں سائمن آرکاڈ اور 36 ویں منٹ میں جیکب وہیٹن نے فاتح ٹیم کے لئے گول اسکور کئے۔ ہندوستان کے لئے پہلا گول 34 ویں منٹ میں روپیندر سنگھ نے بنایا جبکہ 48 ویں منٹ میں رمن دیپ سنگھ نے ٹیم کے لئے دوسرا گول اسکور کیا۔ آسٹریلیا کے خلاف شکست کے باوجود ہندوستانی ٹیم کے کوچ ٹیری والش نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے والے آخری مقابلہ میں ٹیم ڈرا کے لئے میدان میں نہیں اُترے گی بلکہ وہ اِس مقابلہ میں کامیابی کے ذہن کے ساتھ میدان سنبھالے گی۔ والش نے کہاکہ ہندوستان کے لئے اہم ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرے تاکہ آئندہ مرحلہ میں رسائی کو یقینی بنایا جاسکے۔