ہندوستان کو انگلینڈ پر 2-0 سے سبقت حاصل

ناٹنگھم 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام )آف اسپینر روی چندر ن اشون (39 رنز پر 3 وکٹس)اور پھر بیٹسمین امباتی رائیڈو (64 )ناٹ آوٹ اور سریش رائنا(42 ) کی زبردست مظاہرہ کی وجہ سے ہندوستان نے انگلینڈ کو ہفتہ کے روز یہاں کھیلے گئے تیسرے ونڈے میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 سے مضبوط سبقت حاصل کرلی ہے۔ کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کیلئے مدعو کیا تھا اور اُن کا یہ فیصلہ اس وقت درست ثابت ہوا جب ٹیم انڈیا کے بولروں کے سامنے انگلینڈ کے بیٹسمین بہترین اننگز کھیلنے کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے نظر آئے۔ اس کے باوجود 50 اوورس میں پوری ٹیم 227 کے اسکور پر ڈھیر ہوگئی ۔

اس کے بعد اپنے اہداف کا تعاقب کرنے میدان پر اُتری ہندوستانی ٹیم نے 7 اوورس باقی رہتے ہوئے 43 اوورس میں ہی 4 وکٹوں پر 228 رنزبناکر کامیابی اپنے نام کرلی۔جمعہ کو کھیل کے میدان میں اپنے مظاہرے کا حق ادا کرتے ہوئے ارجن ایوارڈ یافتہ اشون نے 10 اوورس میں 39 رنز دیکر سب سے زیادہ 3 وکٹ لیکر انگلینڈ کے بیٹسمینوں کو کنٹرول میں رکھا ۔ تو دوسری طرف اجنکیا رہانے نے 45 ،ویراٹ کوہلی نے 40 ،رائیڈو نے ناٹ آوٹ 64 اور سریش رائنا نے 42رنز بناکر 228 رنز کے ہدف کو باآسانی حاصل کرلیا ۔ گذشتہ میچ میں سنچری بنانے والے رائنا نے ایک بار پھر ٹیم میں اپنی افادیت اورقابلیت ثابت کی ہے ۔ وہیں رائیڈو نے ناٹ آوٹ 64 کی بدولت میچ کے فاتح ثابت ہوئے ۔