ہندوستان کا 192پاکستانی زائرین کو ویزے دینے سے انکار

اسلام آباد ۔ 31ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانیحکام کی جانب سے آخری وقت میں حضرت خواجہ نظام الدین اولیا ؒکے عرس میں شرکت کے خواہشمند پاکستان کے 192 زائرین کو اچانک ہی ویزا کے اجرا سے انکار کردیا گیا اور اب تمام تر انتظامات اور تیاریوں کے باوجود پاکستانی زائرین عرس میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ جن کی تقریبات یکم جنوری سے8 جنوری تک منائی جائیں گی۔ پاکستان کی وزارت خارجہ نے اس صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستانی حکام کے اس اقدام کو 1974 سے پاک ۔ہندپروٹوکول برائے مذہبی مقامات کے معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان طے ہے اور جس کے تحت پاکستان ہندو اور سکھ زائرین کو پاکستان میں ان کے مقامات مقدسہ پر آنے کیلئے ویزوں کا اجرا کرتا ہے۔