ہندوستان کامیابی کے ساتھ ونڈے سیریز کے اختتام کا خواہاں

l آسٹریلیا کے خلاف آج پانچواں ونڈے
l اوپنرکے ایل راہول کی شمولیت کا امکان
l اسمتھ کا مڈل آرڈرسے بہترمظاہرہ کا مطالبہ
ناگپور۔30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندستانی کرکٹ ٹیم کو بھلے ہی آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن وہ سیریز اپنے نام کرچکی ہے جو سب سے بڑی راحت ہے اور کل میزبان ٹیم پانچویں اور آخری ونڈے میں کامیابی کے ساتھ سیریزکا اختتام کرنے کے مقصد سے اترے گی۔ہندستانی ٹیم گزشتہ میچوں سے کافی عرصہ سے شاندار کارکردگی پیش کررہی ہے لیکن بنگلور میں آسٹریلیا کے خلاف ہوئی21 رنز کی شکست کی وجہ سے اس کی مسلسل نو میچ جیتنے کا تسلسل ٹوٹ گیا ہے ۔ کپتان ویراٹ کوہلی اس شکست سے فکر مند نہیں ہیں انہوں نے واضح کیا ہے کہ ٹیم گھریلو اورغیر ملکی زمین پر میچ جیتے میں کامیاب ہے ۔ ہندستانی ٹیم نے اپنے پچھلے میچ میں کئی تبدیلیاں کی تھیں جس کا اسے فائدہ نہیں ملا ۔ امید ہے کہ ناگپور میں اوپنر لوکیش راہول کو موقع مل جائے جو ایک واحد بیٹسمین ہیں جنہیں اب تک سیریز میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا ہے ۔ پچھلے میچ میں جہاں کوہلی نے بولروں اور خاص کر مہنگے ثابت ہوئے اسپنروں کا دفاع کیا تھا وہیں مانا تھا کہ بیٹسمینوں کو مزید بہترین کارکردگی پیش کرنی چاہئے تھی۔ پچھلے میچ میں محمد سمیع، امیش یادو اور اکشر پٹیل کو آخری 11 کھلاڑیوں میں جگہ دی گئی تھی جو مہنگے ثابت ہوئے تھے لیکن ممکن ہے کوہلی پھر سے انہیں کھلاڑیوں کو خود کو ثابت کر نے کا موقع دے دیں۔ہندستانی کپتان نے بنگلور میچ کے بعد کہا تھا کہ وہ سیریز جیتنے کے بعدا ب ٹیم کو بنچ پر بیٹھے اپنے کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہئے کیونکہ ٹیم کے سبھی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیت دکھانے کا موقع ملنا چاہئے ۔ پچھلے میچ میں بھونیشور کمار، جسپریت بمرہ، اور کلدیپ یادو کو آرام دینے کا فیصلہ پر بھلے ہی انگلیاں اٹھی ہوں لیکن کوہلی اپنے فیصلے اپنے حسا ب سے ہی کرتے ہیں اور اس مرتبہ بھی وہ کس کو موقع دیتے ہیں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا۔ دوسری جانب آسٹریلیا ئی ٹیم غیر ملکی زمین پر اپنی مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد رواں سیریز کا اختتام فتح کے ساتھ کرنے کی خواہش مند ہے ۔ سات اکتوبر سے رانچی میں تین ٹوئنٹی20 میچوں کی سیریز میں اترنے سے قبل دونوں ٹیموں کی خواہش ہوگی کہ ان کا اعتمادبنے رہے گا۔