ہندوستان پہلے ٹسٹ میں مستحکم موقف کی سمت گامزن

جوہانسبرگ۔ 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) میزبان جنوبی افریقہ کو 244 رنز پر آل آوٹ کرنے کے بعد پہلی اننگز میں 36 رنز کی سبقت کے ذریعہ دوسری اننگز شروع کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم پہلے ٹسٹ میں ایک مستحکم موقف کی سمت گامزن ہے۔ قبل ازیں جنوبی افریقہ نے اپنے کل کے اسکور 213/6 سے آگے کھیلنا شروع کیا لیکن کل کے ناٹ آوٹ بیٹسمین ورنان فیلنڈرکے 59 رنز کی اننگز پر آوٹ ہونے کے بعد مکمل ٹیم اندرون 45 منٹ کے کھیل میں پویلین لوٹ گئی۔ فیلنڈر نے 86 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے 59 رنز اسکور کئے جبکہ کل کے دوسرے ناٹ آوٹ بیٹسمین فاف ڈوپلیسی نے 77 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 20 رنز اسکور کئے۔

اننگز کے آخری لمحات میں مرنی مرکل نے ایک چوکی کی مدد سے 7 رنز اسکور کرتے ہوئے مجموعی اسکور میں تیزی سے اضافہ کی ناکام کوشش کی۔ ہندوستان کیلئے ظہیر خان نے 88 رنز اور ایشانت شرما نے 79 رنز کے عوض فی کس 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ہندوستان نے پہلی اننگز میں سبقت کے بعد دوسری اننگز کا محتاط آغاز کیا لیکن اوپنر شکھر دھون پھر ایک مرتبہ ناکام رہے جیسا کہ وہ فیلنڈر کی ریکارڈ 100 ویں وکٹ بننے سے قبل 21 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 15 رنز اسکور کئے جبکہ آوٹ ہونے والے دوسرے بیٹسمین مرلی وجئے رہے جنہوں نے 94 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے۔ تادم تحریر چائے کے وقفہ تک ہندوستان نے 109/2 کے ذریعہ 145 رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ نیز ویراٹ کوہلی 6 رنز اور چیٹیشور پجارا 39 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔

شہزاد کی سنچری، پاکستان کی محتاط بیٹنگ
دبئی ۔ 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی اوپنر احمد شہزاد نے رواں ماہ اپنی دوسری اور کیریئر کی چوتھی سنچری اسکور کرتے ہوئے ایک سرے سے پاکستان کیلئے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ شہزاد نے 122 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔ قبل ازیں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا جس کی شروعات ناقص رہی ۔تادم تحریر پاکستان نے 40 اوورس میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز اسکور کرلئے ہیں۔