ہندوستان پر کشمیر میں کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے پاکستان کا الزام

اسلام آباد،4اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کاالزام ہے کہ ہندوستان کشمیر میں نہتے شہریوں پر کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کررہا ہے ۔پاکستان کے محکمہ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹرمحمد فیصل نے جمعرات کو کہاکہ ہندوستان کے اس وحشیانہ حرکت کی پاکستان سخت مذمت کرتا ہے ۔جیو نیوز کے مطابق ترجمان نے کہاکہ ہم کشمیر کے مسئلے کا حل وہاں کے لوگوں کی مرضی کے مطابق چاہتے ہیں۔ترجمان نے ہفتہ وار میڈیا کانفرنس میں کہا کہ کرتارپور سرحد معاملہ دیگر مسئلوں کے ساتھ تب تک زیر التوا رہے گا جب تک ہندوستان پاکستان سے بات چیت کے لئے اتفاق ظاہر نہیں کرتا۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان قاعد اعظم کے اصولوں میں یقین رکھتا ہے اور پڑوسی ملکوں کے ساتھ امن چاہتا ہے ۔پاکستان نے بات چیت کے لئے ہندوستا ن کو منانے کی کوشش نہیں کی تھی۔انہوں نے یاد دلایا کہ حقیقت یہ ہے کہ ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم عمران خان کو مکتوب لکھ کر بات چیت کی پہل کی تھی۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل کورٹ آٖف جسٹس (آئی سی جے )میں ہندوستانی جاسوس کلبھوشن جادھو کے معاملے میں اپنا حق مضبوطی کے ساتھ پیش کرے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ملک کے حقوق سے وابستہ معاملوں میں کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گا۔