ہندوستان پر خفیہ نیوکلیر شہر کی تعمیر کا پاکستانی الزام

اسلام آباد 9 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج دعویٰ کیاکہ ہندوستان ایک خفیہ نیوکلیر شہر تعمیر کررہا ہے اور اِس نے نیوکلیر ہتھیاروں کا ذخیرہ جمع کرلیا ہے جس سے علاقائی دفاعی توازن بگڑ جائے گا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نفیس زکریہ نے ہندوستانی دفاعی طاقت میں اضافہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان پوشیدہ طور پر ایک نیوکلیر شہر تعمیر کررہا ہے جہاں نیوکلیر ہتھیاروں کا ذخیرہ ہوگا جس کی وجہ سے علاقائی دفاعی توازن بگڑ جانے کا اندیشہ ہے ۔ اُنھوں نے بین الاقوامی برادری سے خواہش کی کہ ہندوستان کی اِس مہم کو روک دیا جائے کیوں کہ وہ زیادہ مہلک ہتھیار رکھتا ہے اور اِن کے ذخیرہ کی تیزی سے توسیع کررہا ہے۔ جس پر قابو پانا بہت ضروری ہے۔ یہ تمام ہتھیار روایتی اور غیر روایتی دونوں قسم کے ہیں۔