ہندوستان ونڈے کی نمبر ایک ٹیم

دبئی ۔ یکم ؍ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں شاندار مظاہرہ کرنے اور زمبابوے کے خلاف آسٹریلیا کو حیران کن شکست کی بدولت مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم کو آئی سی سی کی تازہ ترین ونڈے درجہ بندی میں تنہا پہلے مقام پر پہنچنے کا موقع ملا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہیکہ عالمی چمپیئن ہندوستان ریلائنس آئی سی سی ونڈے ٹیم کی درجہ بندی میں پہلے مقام پر پہنچ چکی ہے جس کی اہم وجہ اتوار کو ہرارے میں میزبان زمبابوے کے خلاف آسٹریلیا کی حیران کن تین وکٹوں کی ناکامی ہے۔ ناٹنگھم میں انگلینڈ کے خلاف منعقدہ تیسرے ونڈے میں کامیابی کے بعد ہندوستان کو درجہ بندی کے مجموعی 114 نشانات حاصل ہوئے تھے جس کی بدولت وہ آسٹریلیا کے ساتھ مشترکہ طور پر ونڈے کی نمبر ایک ٹیم بن گئی تھی لیکن زمبابوے کے خلاف 31 برس کے وقفہ میں آسٹریلیا کو ہونے والی شکست نے آسٹریلیا کے درجہ بندی کے نشانات کو نقصان پہنچایا ہے اور اسے پہلا مقام گنوانا پڑا ہے۔ زمبابوے کے خلاف ہوئی شکست کی وجہ سے آسٹریلیا کو درجہ بندی کے تین نشانات گنوانے پڑے جس کی وجہ سے وہ 111 نشانات کے ذریعہ جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے بعد چوتھے مقام پر پہنچ گئی ہے۔ دریں اثناء جنوبی افریقہ جس نے آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف فتوحات حاصل کی ہیں، وہ ان کامیابیوں کے ذریعہ 113 نشانات کے ساتھ دوسرے مقام پر فائز ہے جبکہ سری لنکا 111 نشانات کے ذریعہ تیسرے مقام پر ہے۔