ہندوستان نے امن کیلئے پاکستانی کوشش کا مذاق اڑایا : سراج الحق

لاہور ۔ 23ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ خطہ میں قیام کیلئے ہندوستان نے ہمیشہ پاکستانی کوششوں کا مذاق اڑایا ہے ۔ لاہور سے جاری ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ عالمی ادارے ہندوستانی فوجی سربراہ کے شرانگیز بیان کا نوٹس لیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوششوںکا مثبت جواب دینے کی بجائے ہندوستان نے ہمیشہ کمزوری سمجھا ہے ۔ سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے اور ہندوستان کو پاکستان کے بارے میں سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیئے ۔ ہندوستان کے مقابلہ میں پوری قوم سیسہ پلائی دیوار ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کررہا ہے ‘ ہزاروں ہندوؤں کو کشمیر میں آباد کیا جارہا ہے ۔ پاکستان کو کھل کر کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کی سرپرستی کرنی چاہیئے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو چاہیئے کہ وہ جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کو سرفہرست رکھیں ۔