’’ہندوستان میں کوئی خطرہ نہیں‘‘:عامرخان

نئی دہلی ۔31 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان کا کہنا ہے کہ پاکستان اورہندوستان کھیلوں کے ذریعہ سیاسی رکاوٹیں عبور کر سکتے ہیں۔عالمی شہرت یافتہ باکسر ان دنوں ہندوستان کے پہلے دورہ پر ہیں جہاں انھوں نے کہا کہ’’مجھے ہندوستان میں کوئی خطرہ نہیں ہے ،میں یہاں محفوظ ہوں۔‘‘پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سیاسی اور کھیلوں کے تعلقات حالیہ دنوں میں خوشگوار نہیں رہے ہیں ،اس سے قبل ہندوستان میں شیو سینا کے کارکنوں نے ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے دفتر پر حملہ کرکے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریارخان کی بی سی سی آئی سربراہ سے طئے شدہ ملاقات کو سبوتاج کیا تھا جس کے بعد علیم ڈار کو پاکستان واپس بھیج دیا گیاتھا جبکہ وسیم اکرم اور شعیب اختر کو بھی سیکورٹی خدشات پر ہندوستان چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا۔ عامر خان نے کہا کہ ’’ایک پاکستانی کی حیثیت سے میں خود کو یہاں محفوظ سمجھتا ہوں اور میں یہاں کھیلوں کی ترویج چاہتاہوں”.انہوں نے مزید کہا کہ میں پاکستان بہت جاتا ہوں دونوں ممالک خوب صورت ہیں۔