ہندوستان میں پاکستانی سفارتخانے کے عملہ کو ہراسانی کاسامنا، ہائی کمشنر کی پاکستان طلبی

اسلام آباد ۔ 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس نے ہندوستان میں متعینہ اپنے ہائی کمشنر سہیل محمود کو مشاورت کیلئے پاکستان طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ حالیہ دنوں میں یہ خبریں مل رہی ہیں کہ نئی دہلی میں واقع پاکستانی سفارتخانہ کے اسٹاف کو مسلسل ہراساں کیا جارہا ہے۔ دریں اثناء دفترخارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانے کے عملہ کو مسلسل ہراساں کئے جانے کے واقعہ کا ہندوستان نے کوئی نوٹ نہیں لیا ہے لہٰذا نئی دہلی میں متعینہ ہمارے ہائی کمشنر کو مشاورت کیلئے پاکستان طلب کیا گیا ہے۔ یاد رہیکہ منگل کے روز دفترخارجہ نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ سفارتخانے کے اسٹاف اور ان کے ارکان خاندان کو حالیہ دنوں میں ہندوستانی اسٹیٹ ایجنسیوں کی جانب سے مسلسل ہراساں کیا جارہا ہے۔