ہندوستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں میں ہم آہنگی ضروری

حیدرآباد ۔ 2 ۔ اپریل : ( تبارک نیوز ) : ہندوستان ایک ہمہ مذہبی ملک ہے اور یہاں کی ترقی اور اس کے لیے ملک میں تمام مذاہب کے ماننے والوں میں ہم آہنگی ضروری ہے ۔ جناب سجن ہار سکریٹری نیشنل فاونڈیشن فار کمیونیل ہارمونی نے کل خانقاہ حضرت شیخ جی حالیؒ واقع اردو شریف میں دانشوروں کے ایک اجلاس میں یہ بات کہی ۔ مسٹر سجن ہار نے کہا ہے کہ اس سلسلہ میں ملک کے طول و عرض میں مختلف ریاستوں میں فاونڈیشن کے زیر اہتمام مختلف مذاہب کے پیغام امن کو عام کرنے کی غرص سے نیشنل سمینارس منعقد کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ کا آغاز سکھ ازم پر مبنی تعلیمات برائے قومی یکجہتی پر ایک کامیاب سمینار گرونانک یونیورسٹی میں منعقد کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ صوفیائے عظام کے پیغام برائے دکھی انسانیت اور آپسی اتحاد فروغ یکجہتی کے ضمن میں منعقد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح کے دیگر مذاہب بدھسٹ ازم عیسائی ازم و دیگر مذاہب کے پیغام کو ملک کے عام شہریوں تک پہونچانے کا عزم رکھتی ہے ۔ مسٹر سجن ہار کو حضرت مولانا صوفی شاہ محمد مظفر الدین علی چشتی ابوالعلائی سجادہ نشین بارگاہ حضرت شیخ جی حالیؒ نے دکن میں پائی جانے والی مثالی قومی یکجہتی اور یہاں کے بزرگان دین کی خدمات سے واقف کروایا ۔ ابتداء میں مسٹر سجن ہار نے بارگاہ حضرت شیخ جی حالی پر حاضری دی اور بعد ازاں انہیں مولانا مظفر علی شاہ صوفی نے گلپوشی شال پوشی کے علاوہ ایک یادگار مومنٹو چارمینار پیش کیا ۔ اس موقع پر جناب ذاکر علی دانش ایڈوکیٹ ، جناب صوفی خرم علی کے علاوہ دیگر معززین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔۔