ہندوستان میںگرمی ،ہماچل میں بارش کے بعد راحت

نئی دہلی ۔ 4جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک کے بیشتر حصے شدید گرمی کی لہر سے پریشان ہیں ۔ تیز رفتار گرد آلود ہوائیں جموں کے علاقہ میں چل رہی ہے جس سے ایک نابالغ ہلاک اور اس کی ماں درخت گرنے سے ہلاک ہوگئے ۔ ویشنودیوی میں نقل و حرکت کچھ دیر کیلئے معطل ہوگئی تھی ۔
دہلی میں اعظم ترین درجہ حرارت 41.5 درجہ سلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ایک درجہ زیادہ ہے ۔ جموں و کشمیر ، پنجاب ، ہریانہ ، ہماچل پردیش اور راجستھان کے چند علاقوں میں بارش ہوئی ۔ راجستھان میں چرو گرم ترین شہر کی حیثیت سے برقرار ہے ۔یہاں اعظم ترین درجہ حرارت 48درجہ اور کوٹا میں 47.3درجہ سلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ بکانیر، گنگا نگر ، جئے پور اور بارمیر میں علی الترتیب 46.8، 46.5 ، 44.5 اور 44درجہ سلسیس اعظم ترین درجہ حرارت تھا ۔ جمو ں میں اعظم ترین درجہ حرارت 40.1 اور اقل ترین 25 درجہ سلسیس درجہ حرارت تھا ۔ کئی درخت اور برقی ستون اکھڑ گئے اور کئی ٹین شیڈس اڑ کر تیز رفتار ہوا کی وجہ سے کافی فاصلہ پر جاگریں۔ تیز رفتار ہوائیں ریاسی ، اُدھم پور اور جموں کے علاقوں میں چل رہی ہیں ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کی بموجب تیز رفتار ہواؤں کے علاوہ 30 تا 40کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شہر جموں میں ہوائیں چلیں گی اور ہلکی بارش کا بھی امکان ہے ۔ گرمی کی لہر کے حالات ہریانہ اور پنجاب میں بھی کئی مقامات پر محسوس کئے گئے ۔ چند مقامات پر ہلکی بارش کی وجہ سے تھوڑی سی راحت محسوس کی گئی ۔ حصار میں اعظم ترین درجہ حرارت 44درجہ سلسیس تھا جو معمول سے دو درجہ زیادہ ہے اور بھوانی میں 43.6 درجہ سلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔امبالہ میں ہلکی بارش ہوئی ۔ اعظم ترین درجہ حرارت 39.6درجہ سلسیس تھا ۔ چندی گڑھ میں ژالہ باری اور تیز رفتار ہواؤں کیساتھ بارش بھی رات کے وقت وقفہ وقفہ سے ہوتی رہی ۔ یہاں اعظم ترین درجہ حرارت 38.4درجہ رہا اور بارش 11.3 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔ ہماچل پردیش کا شہر اونا گرم ترین شہر تھا جہاں درجہ حرارت 40درجہ سلسیس یعنی معلو سے زیادہ تھا ۔جب کہ اقل ترین درجہ حرارت 5.2تھا۔