ہندوستان سے دوستانہ تعلقات کیلئے پاکستان کا عزم

اسلام آباد ۔ /25 جنور ی ( سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نواز شریف نے آج کہا کہ پاکستان اپنے پڑوسی ہندوستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کے عزم کا پابند ہے ۔ تاکہ اس علاقہ میں ترقی و خوشحالی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ ہندوستان کے یوم جمہوریہ سے قبل وزیراعظم منموہن سنگھ کے نام اپنے پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت باہمی تعاون اور دوستانہ تعلقات کے عہد کی پابند ہے ۔ نواز شریف نے کہا کہ ’’ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے علاقہ کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے یہ لازمی ہے اور دونوں کے مفاد میں سازگار ہندوستانی یوم جمہوریہ کے موقع پر مسٹر شریف نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کو پرتپاک مبارکباد دی اور کہا کہ ہم آپ کی بہتر صحت اور خوشی اور ہندوستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے تسلسل کیلئے ایک نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں ‘‘ ۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کے نام ایک علحدہ پیام مبارکباد میں پاکستان کے محمد ممنون حسین نے یوم جمہوریہ ہند کے موقع پر اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ مسٹر ممنون حسین نے کہا کہ ’’ ہندوستانی عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ہمارے دونوں ممالک کے درمیان باہمی طور پر فائدہ مند دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کا فروغ ہماری مخلصانہ خواہش ہوتی ہے ۔