ہندوستان سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست کا امیدوار

اقوام متحدہ 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بحیثیت سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے ایک سال بعد ہندوستان نے دوبارہ غیر مستقل رکن کی نشست کے لئے اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی ادارہ میں اپنی امیدواری کی پیشکش کردی ہے جو سال 2021-22 ء کے لئے ہوگی۔ جبکہ افغانستان اپنی غیرمستقل نشست سے ہندوستان کے حق میں دستبردار ہونے کے لئے تیار ہے۔ اقوام متحدہ کے لئے ہندوستان کے مستقل نمائندے کمار مکرجی نے کہاکہ ہمیں اُمید ہے کہ ہمارا امیدوار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 2021-22 ء کے لئے غیر مستقل رکن کی نشست حاصل کرلے گا۔ اِس کے لئے انتخابات اکٹوبر 2020 ء میں منعقد کئے جائیں گے۔ ہندوستان قبل ازیں 15 رکنی سلامتی کونسل کا 2011-12 ء کے دوران غیرمستقل رکن رہ چکا ہے۔ 21 نومبر کے مکتوبات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو روانہ کردیئے گئے ہیں۔ ہندوستان اور افغانستان دونوں نے اقوام متحدہ کے امریکہ میں قائم تمام مستقل سفارت خانوں کو اپنے فیصلہ کی اطلاع دے دی ہے۔ ہندوستان نے فیصلہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی 2021-22 ء پر میعاد کے لئے خود کو بحیثیت امیدوار پیش کرے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ اُس کی امیدواری کو سلامتی کونسل کے تمام معزز ارکان کی تائید حاصل ہوگی۔ افغانستان نے اپنے مکتوب میں 2021-22 ء کی میعاد کے لئے سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی نشست کے لئے اپنی امیدواری کیلئے ہندوستان کے حق میں دستبرداری اختیار کرنے کی اپنے مکتوب میں اطلاع دی ہے۔ افغانستان میں اپنے تمام سفارت خانوں کو اِس مکتوب کی نقل روانہ کردی ہے۔ یہ فیصلہ طویل مدتی بنیاد پر ہندوستان اور افغانستان کے قریبی اور دوستانہ تعلقات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ اِس فیصلہ کی اطلاع ایشیائے کوچک گروپ کو بھی دی جاچکی ہے کیونکہ ہندوستان اِسی گروپ کا ایک رکن ہے جس کی رکنیت 50 ممالک پر مشتمل ہے اور سلامتی کونسل نے 2011-12 ء کے دوران ہندوستان اِسی گروپ کی نمائندگی کررہا تھا۔ مکرجی نے کہاکہ بحیثیت صدرنشین مخالف دہشت گردی کمیٹی ہندوستان میں اقوام متحدہ میں بہترین کردار ادا کیا ہے۔