ہندوستان جوہری طاقت میں اضافہ کر رہا ہے: امریکی دانشور اسوسی ایشن

واشنگٹن 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک امریکی دانشوروں کی اسوسی ایشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان نے ایک نیا نیوکلیر پلانٹ قائم کیا ہے جس سے ممکنہ طور پر اس کی یورانیم افزودگی کی صلاحیت میں اضافہ ہو جائے گا۔ نیوکلیر عدم توسیع پر کام کرنے والے ادارہ برائے سائنس و بین الاقوامی صیانت نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سیٹلائٹ تصاویر کے ذریعہ انھیں پتہ چلا ہے کہ ہندوستان اپنے جنوبی علاقہ میسور کے پاس گیس سنٹری فیوج پلانٹ کی تعمیر تقریباً مکمل کر چکا ہے۔ اس رپورٹ کے مصنف ڈیوڈ آلبرائٹ نے بتایا کہ اس نئے پلانٹ سے جوہری ہتھیاروں میں استعمال ہونے والے یورانیم کی افزودگی کی ہندوستانی صلاحیت میں کافی اضافہ ہو جائے گا۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان نے 2010 ء میں میسور کے پاس اپنا دوسرا سنٹری فیوج پلانٹ تعمیر کرنا شروع کیا تھا اور اپریل میں سیٹلائٹ سے لی جانے والی تصاویر سے یہ پتہ چلتا ہے کہ پلانٹ کی تعمیر کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ آلبرائٹ نے بتایا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ پہلے سے موجود پلانٹ کی جگہ لے گا یا پھر یہ ایک علیحدہ اور اضافی پلانٹ ہوگا۔”اگر یہ ایک نیا پلانٹ ہے تو پھر ہندوستان کی یورانیم افزودگی کی صلاحیت دوگنی ہو جائے گی۔