ہندوستان جس دن کانگریس سے پاک ہوگا اُسی دن غربت سے بھی پاک ہوگا : راجناتھ سنگھ

بیکانیر 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے اتوار کے دن کہاکہ جس دن ہندوستان کانگریس سے پاک ہوگا، اُسی دن غربت سے بھی پاک ہوجائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس نے کئی تیقنات دیئے ہیں لیکن اُنھیں پورا نہیں کیا۔ اگر کوئی شخص یہ جان جائے کہ غربت میں کمی کرنے کے لئے انھیں وزیراعظم نریندر مودی سے سبق سیکھنا چاہئے تو بہتر ہوگا۔ اگر تاریخ کے اوراق اُلٹے جائیں تو آپ کو پتہ چلے گا کہ کانگریس نے کبھی اپنے تیقنات کی تکمیل نہیں کی۔ لوگ وزیراعظم نریندر مودی کے دور میں جان گئے کہ غربت میں کمی کیسے کی جاسکتی ہے۔ راجناتھ سنگھ ایک انتخابی جلسہ سے بیکانیر میں خطاب کررہے تھے جو بی جے پی کے امیدوار ارجن رام میگھوال کے حامیوں نے منعقد کیا تھا۔ ہندوستان کے پاکستان میں بالاکوٹ کے مقام پر فضائی حملے کا دفاع کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہاکہ ہندوستان اب ایک کمزور ملک نہیں رہا۔ چند لوگ اب بھی یہ جانتے ہیں کہ دہشت گرد 27 فبروری کو فضائی حملے میں ہلاک کئے گئے اور اُن کی تعداد کیا تھی؟ سپاہی لاشیں شمار نہیں کرتے لیکن جو لوگ چیلوں کو شمار کرتے ہیں کیا سپاہی اُنھیں لاشیں شمار کرنے سے روک سکتے ہیں۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ اگر سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کی 1971 ء میں پاکستان کے ساتھ جنگ کی بناء پر تعریف کی جاسکتی ہے تو مودی کی تعریف کیوں نہیں کی جاسکتی جنھوں نے پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔