ہندوستان ایشیاء کپ کے فائنل میں داخل

بینکاک، یکم دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) تجربہ کار متھالی راج (62) کی شاندار نصف سنچری اور پریتی بوس اور ایکتا بشٹ کے فی کس تین وکٹوں کی بدولت سابق چمپئن ہندوستان نے سری لنکا کو 52 رنز سے شکستکر خاتون ٹوئنٹی 20 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنمنٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔ہندستانی ٹیم نے چار وکٹ پر 121 رن کا مشکل اسکور بنانے کے بعد سری لنکا کو نو وکٹ پر 69 رن تک محدود رکھا۔ہندستان کی ٹورنمنٹ میں یہ مسلسل چوتھی کامیابی ہے اور اس کے ساتھ ہی اس نے چھ ٹیموں کے اس ٹورنمنٹ میں اپنا ایک لیگ میچ باقی رہتے فائنل میں جگہ بنا لی۔ہندستانی کرکٹ کی سب سے تجربہ کار کھلاڑی متھالی نے 59 گیندوں پر 62 رنز میں چھ چوکے لگائے ۔اسمرتی مدھانا نے 28 گیندوں میں 21 رن، ویدا کرشنامورتی نے 23 گیندوں میں 21 رنز اور کپتان ھرمن پریت کور نے 10 گیندوں میں 10 رنز بنائے ۔اسمرتی اور ھرمن پریت نے ایک ایک چوکا لگایا جبکہ کرشنامورتی نے ہندوستانی اننگز کا واحد چھکا لگایا۔ سری لنکا کی ٹیم ہندستانی بولروں کی اچھی بولنگ کے سامنے جدوجہد کرتی رہ گئی اور 20 اوور میں محض 69 رنز بنا سکی۔پریتی نے چار اوور میں 14 رن پر تین وکٹ اور ایکتا نے چار اوور میں محض آٹھ رنز پر تین وکٹ لئے ۔جھولن گوسوامی، انوجا پاٹل اور پونم یادو کو ایک ایک وکٹ ملی۔سری لنکا کی جانب سے دو کھلاڑی  ہی دہرے ہندسے میں پہنچ سکیں ۔ دلانی منودرا نے سب سے زیادہ 20 رن اور پرساداني ویراکوڈي نے 14 رنز بنائے ۔سری لنکا کی اننگز کا حال یہ تھا کہ 10 ویں اوور تک اس کی پانچ کھلاڑی 37 رن تک پویلین لوٹ چکی تھیں۔ سری لنکا نے بس 20 اوور پورے کھیلنے کی خانہ پری کی۔

 

محمد عامر کو انتظامیہ کا انتباہ
ملبورن۔یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم انتظامیہ  فاسٹ بولر محمد عامر کے بیان پر ناراض ہے کیونکہ عامر نے کیچز چھوڑنے پر اپنے کھلاڑیوں پر تنقید کی تھی۔ انتظامیہ  نے عامر کو مستقبل میں محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔فاسٹ بولر محمد عامر کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا توعامر نے اپنے ہی کھلاڑیوں پرکیچ ڈراپ کرنے کا سوال اٹھا دیا۔محمد عامر نے ایک بیان میں کہا کہ اگر ان کی گیند پر کیچز نہ چھوڑے جاتے تو کارکردگی اچھی ہوتی،کیچز چھوڑنے کی وجہ سے وہ زیادہ وکٹیں نہ لے سکے لیکن محمد عامر کا یہ بیان ٹیم انتظامیہ کو برا لگا۔ٹیم اجلاس میں انتظامیہ نے عامر کے بیان پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف نوٹس لے لیا اور انہیں محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔