ہندوستان اور چین کے درمیان ہاٹ لائن قائم

نئی دہلی، 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور چین نے اپنے فوجی ہیڈ کوارٹروں کے درمیان رابطے کرنے کے لئے اپنی سرحد کے نزدیک تین مقامات پر ھاٹ لائن قائم کی ہے ۔  سرکاری ذرائع نے آج بتایا کہ ہاٹ لائن تین مقامات سپانگور، ناتھو لا اور کبیتھو میں حالیہ دنوں میں قائم کی گئی۔ اس ھاٹ لائن سے دونوں ممالک کے فوجی کمانڈر آپس میں رابطہ قائم کر سکیں گے ۔ ہندوستان اور چین کے فوجی آپریشن کے ڈائریکٹروں کے درمیان بات چیت بھی چل رہی ہے ۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ بات چیت آخری مرحلے میں ہے ۔ حالیہ عرصے میں سرحد پر کشیدگی کے ایک سے زائد واقعات رونما ہوئے تھے۔  دونوں ممالک کے فوجی ہیڈکوارٹروں کے درمیان ہاٹ لائن قائم کرنے کو حال میں منظوری دی گئی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ ہندوستان نے اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت پاکستان سمیت دیگر پڑوسی ممالک کے ساتھ بھی یہ نظام قائم کیا ہے ۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہاٹ لائن 4 فروری 1987 ء میں قائم کی گئی تھی۔  اسی طرح 8 مئی 2014 میں ہندوستان اور میانمار کے درمیان سرحدی تعاون سمجھوتہ کیا گیا تھا، جس کے تحت دونوں ممالک کی سرحدی سلامتی دستہ کے درمیان رابطے کے لئے تین مقامات پر ہاٹ لائن قائم کی گئی تھی۔ گزشتہ سال نیپال کے فوجی ہیڈکوارٹر سے رابطہ رکھنے کے لئے ہاٹ لائن قائم کی گئی تھی۔