ہندوستان اور پاکستان کے مابین تجارت کے وسیع امکانات

اسلام آباد،6دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) عالمی بینک کا کہنا ہے کہ ہندستان اور پاکستان کے درمیان تجارت کے وسیع امکانات ہیں لیکن باہمی تنازعہ اور مصنوعی رکاوٹوں کی وجہ سے ان سے خاطرخواہ فائدہ نہیں اٹھایا جاسکاہے ۔پاکستان کے انگریزی روزنانہ ‘دی ڈان ’میں شائع عالمی بینک کی رپورٹ ‘گلا س ہاف فل :پرومز آف ریجنل ٹریڈ ان ساؤتھ ایشیا’ کے مطابق ہندستان اور پاکستان کے درمیان تجارت فی الحال دوارب ڈالر سے تھوڑی زیادہ ہے ۔لیکن دونوں ممالک اگر مصنوعی رکاوٹوں کو ختم کرنے پر راضی ہوجاتے ہیں تو یہ اعدادوشمار بڑھ کر 37ارب ڈالر ہوسکتاہے ۔بدھ کے روز جاری رپورٹ کے مصنف اور عالمی بینک میں چیف ماہر اقتصادیات سنجے کٹھوریا نے کہاکہ انکا مانناہے کہ اعتمادسے تجارت بڑھتی ہے اور تجارت سے اعتماد،ایک دوسرے پر انحصار اور امن کی کوششوں کو فروغ ملتاہے ۔انھوں نے کرتارپورکوریڈور کودونوں ملکوں کے درمیان اعتمادبڑھانے والا قدم بتایا۔