ہندوستان اور تھائی لینڈ کے درمیان کئی اہم معاہدوں پر دستخط

بنکاک ۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور تھائی لینڈ نے آج کئی اہم معاہدوں پر دستخط کئے جس میں دوہرے ٹیکس کی عدم ادائیگی والا معاہدہ بھی شامل ہے اور ساتھ ہی ساتھ مجرموں کی حوالگی کے معاہدہ پر بھی دستخط ہوئے ہیں۔ سب سے اہم بات یہ ہیکہ معاہدوں کے ذریعہ یہ موقع فراہم کیا گیا ہے کہ ٹیکسوں کی دوہری ادائیگی نہ ہونے پائے جبکہ مجرمین کی حوالگی کے معاہدہ پر 2013ء میں بھی دستخط ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں اس کے ذریعہ ٹیکسوں کی چوری یا مالیاتی بے پرواہی کو بھی روکا جاسکے گا کیونکہ اسی طریقہ سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی استحکام کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ اپنے تین روزہ دورہ کے آخری روز وزیرخارجہ ہند سشماسوراج نے ہند ۔ تھائی لینڈ مشترکہ کمیشن کے ساتویں اجلاس کی معاون صدرنشین کی حیثیت سے قیادت کی۔ 2013ء میں مجرمین کی حوالگی کے جس معاہدہ پر دستخط کئے گئے تھے، موجودہ معاہدہ اس طرح طور پر راہ ہموار کرے گا۔ خصوصی طور پر دہشت گردوں اور دیگر معاشی جرائم کا ارتکاب کرنے والے روپوش مجرمین کی حوالگی کو دونوں ممالک نے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔ مجرمین میں ایسے افراد شامل ہیں جو کسی بھی فوجداری معاملہ میں تھائی لینڈ یا ہندوستان کو مطلوب ہیں جن پر مقدمہ چلایا جانا ہو۔ اس معاہدہ سے دونوں ممالک کی سیکوریٹی ایجنسیوں کے تعلقات بھی مستحکم ہوں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان ایک یادداشت مفاہمت پر بھی دستخط ہوئے ہیں جو نالندہ یونیورسٹی کے قیام کے بارے میں ہے اور اس طرح اس معاہدہ پر دستخط کرتے ہوئے تھائی لینڈ بھی ان مشرقی ایشیائی سمیٹ ممالک میں شامل ہوگیا ہے جو بہار میں نالندہ یونیورسٹی کے قیام کی تائید کرتے ہیں۔ معاہدہ پر سشماسوراج اور تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ جین ٹناسک پاٹی ماپراگون نے دستخط کئے۔ سشماسوراج کے دورہ کی ایک اور خاصیت یہ رہی کہ تھائی لینڈ کی کسی ایک یونیورسٹی میں آیوروید کا شعبہ بھی کھولا جائے گا۔ یادداشت مفاہمت وزارت آیوش اور تھائی لینڈ کے رنگیست یونیورسٹی کے درمیان ہوگا جس کے تحت سنٹرل کونسل برائے ریسرچ ان آیورویدک سائنس تھائی لینڈ کی ایک یونیورسٹی میں آیوروید کا شعبہ قائم کرے گی تاکہ آیوروید کے شعبہ میں مزید ریسرچ کے کام کو فروغ دیا جاسکے۔ اس مخصوص یادداشت مفاہمت پر ہندوستانی سفیر متعینہ تھائی لینڈ ہرش وردھن شرنگلا اور رنگسیت یونیورسٹی کے صدر ارتھیت قرائرات کے درمیان دستخط ہوئے۔