ہندوستان ،بچہ مزدوری معاہدہ پر دستخط کیلئے تیار

۔14 سال سے کم عمر بچوں سے کام لینا ممنوع : بنڈارو دتاتریہ
نئی دہلی،28 ستمبر (سیاست ڈ اٹ کام) محنت اور روزگار کے مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ نے آج کہا کہ بچہ مزدوری پر بین الاقوامی محنت تنظیم (آئی ایل او) کے معاہدوں پر ہندوستان دستخط کرنے کے لئے تیار ہے او راس سمت میں کام شروع کردیا گیا ہے ۔مسٹر دتاتریہ نے یہاں برازیل،روس، ہندوستان ،چین اور جنوبی افریقہ کی تنظیم برکس کے وزرائے محنت کی دو روزہ کانفرنس کے پہلے دن افتتاحی اجلاس میں کہا کہ ہندوستان بچہ مزدوری پر آئی ایل او کے معاہدہ نمبر 138 اور 182 کی توثیق کرنے کے لئے تیار ہے اور اس سمت میں کارروائی شروع بھی ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس سلسلے میں دو تاریخی اصلاحات کئے ہیں۔ ہندوستان نے چودہ سال سے کم عمر کے بچوں کو کام پر لگانا پوری طرح ممنوع کردیا ہے جب کہ اٹھارہ سال سے کم عمر کے بچوں کو خطرناک صنعتوں میں نہیں لگایا جاسکتا۔ اس کے علاوہ میٹرنیٹی فوائد قانون میں تبدیلی کی گئی ہے او راب میٹرنیٹی چھٹی بارہ ہفتہ سے بڑھاکر 26ہفتہ کردیا گیا ہے ۔مرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستان ہمہ جہت ترقی کے لئے عہد بند ہی جس سے اس کا فائدہ سب کو مل سکے اور سب ترقیاتی عمل کا حصہ بن سکیں۔اس تقریب کے اختتامی اجلاس میں کل محنت او رروزگار پر وزارتی سطح کا اعلان کیا جائے گا۔ہندوستان نے فروری 2016 میں برکس کی صدارت سنبھالی تھی۔ ہندوستان کی صدارت میں 15-16 اکتوبر کو گوا میں آٹھویں برکس کانفرنس ہوگی۔