ہندوستانی کواپنے ساتھی کے قتل پر 15 سال کی سزائے قید

دوبئی ۔ 17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں ایک 26 سالہ ہندوستانی تعمیراتی مزدور کو 2017ء میں شراب پینے حالتِ نشہ میں اپنے ایک ساتھی کو قتل کردینے کی پاداش میں 15 سال کی جو سزائے قید سنائی گئی تھی، اس کے خلاف اپیل بھی آج خارج کردی گئی اور اس طرح دوبئی کی ایک عدالت نے ہندوستانی ملزم کو مستوجب سزاء قرار دیا جس کے نام کو ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔ ڈسمبر 2017ء میں اپنے کمرے میں ساتھ ساتھ رہنے والے اپنے ساتھی کو چاقو گھونپ کر ہلاک کردیا تھا۔ یہی نہیں بلکہ ان دونوں کے درمیان مفاہمت کرنے کی کوشش کرنے والے ایک دیگر ساتھی کو بھی اس نے زخمی کردیا تھا۔ دوبئی پولیس کے فارنسک ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق متوفی کے سینے پر شدید زخم آئے تھے اور چاقو اس کے دل میں گھس گیا تھا جس کی وجہ سے کافی خون بہہ جانے سے اس کی موت ہوگئی تھی۔ ملزم نے اپیل داخل کی تھی کہ اس کی سزاء کی میعاد میں کمی کی جائے تاہم پریسائیڈنگ جج عیسیٰ الشریف نے ملزم کی اپیل مسترد کرتے ہوئے اس کی 15 سال کی سزائے قید کو برقرار رکھا۔