ہندوستانی ٹیم کا صرف کوہلی پر انحصار نہیں: شاستری

نئی دہلی۔19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ہندستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ روی شاستری نے ورلڈ کپ جیتنے کے لئے کپتان ویراٹ کوہلی پر انتہائی انحصار سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں کی کارکردگی سے واضح ہے کہ ٹیم کسی ایک کھلاڑی پر منحصر نہیں رہی ہے۔شاستری نے کہا کہ ہندستانی ٹیم کی فتوحات کے لیے اکیلے کوہلی پر دباو نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر آپ گزشتہ پانچ برسوںکو دیکھیں تو ٹیم نے کافی اچھا مظاہرہ کیا ہے اور ہمیشہ سرفہرست دو یا تین نمبر پر رہی ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں ہماری ٹیم نمبر ایک ٹسٹ ٹیم بنی اور ٹوئنٹی 20 میں سرفہرست تین میں رہی۔ اس مقام تک پہنچنے کے لئے آپ کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کر سکتے ہیں۔ہندستانی کوچ نے دبئی میں ایک ویب سائٹ کو دیئے انٹرویو میں کہاکہ ہماری ٹیم کا ریکارڈ مسلسل رہا ہے اور آپ کو یہ فام برقرار رکھنے کیلئے اسی طرح کے کھلاڑیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کا سہرا پوری ٹیم کو جاتا ہے۔ ہندستانی ٹیم 30 مئی کو آئی سی سی ورلڈ کپ میں کوہلی کی کپتانی میں اترے گی جو ٹیم کے اسٹار بیٹسمین بھی ہیں۔شاستری نے ساتھ ہی ورلڈکپ میں 15 رکنی بجائے 16 رکنی ٹیم ہونے کی بھی وکالت کی۔ انہوں نے ٹیم کے انتخاب پر کہاکہ میں کبھی بھی انتخاب میں مداخلت نہیں کرتا۔ اگر میری کوئی سوچ ہوتی ہے تو ہم کپتان کو بتاتے ہیں۔ جب آپ کو 15 کھلاڑی ہی منتخب کرنے ہیں تو کسی کو باہر توکرنا پڑے گا۔ یہ بدقسمتی کی بات ہے، میں تو 16 کھلاڑیوں کو منتخب کرتا۔