ہندوستانی ٹیم ورلڈ کپ کیلئے انگلینڈ روانہ،خطاب کیلئے پرعزم

نئی دہلی ۔22 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لئے ہندوستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ روانہ ہو چکی ہے۔ کپتان ویراٹ کوہلی کی زیر قیادت 15 رکنی ٹیم نے آج علی الصبح انگلینڈ کے لئے اڑان بھری۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ( بی سی سی آئی) نے روانگی سے پہلے ٹیم کے کھلاڑیوں کی تصویریں پوسٹ کیں۔ اس سے پہلے کوہلی اور ٹیم کے کوچ روی شاستری نے ممبئی میں پریس کانفرنس کر کے ورلڈ کپ سے متعلق امیدوں، دباؤ اور امکانات کے بارے میں تفصیل سے بات چیت کی۔کوہلی اور شاستری دونوں نے کہا کہ ٹیم اس ورلڈکپ میں اپنی طاقت کے حساب سے کھیلے گی نہ کہ حریف ٹیم کی کمزوری کو اپنا ہتھیار بنائے گی۔ ورلڈ کپ 2019 میں ہندوستانی ٹیم اپنی مہم کا 5 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے آغاز کرے گی۔ وہیں ہندوستان کا 16 جون کو پاکستان سے مقابلہ ہے۔ اس میچ سے متعلق سوال کے جواب میںکپتان کوہلی نے کہا کہ کسی ایک ٹیم کے لئے ان کی حکمت عملی الگ نہیں ہو گی۔ اگر برابر طاقت سے کھیلیں گے تو اس سے فرق نہیں پڑتا ہے کہ سامنے کون سی ٹیم ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں اپنی قابلیت کے حساب سے کھیلنا ہو گا۔ ہم ایک ٹیم کے بارے میں سوچ نہیں سکتے۔ ہمیں اپنی توانائی کو پورے ٹورنمنٹ میں بنائے رکھنا ہو گا چاہے سامنے کوئی بھی ٹیم ہو۔ دنیا میں بہت ساری مضبوط ٹیمیں ہیں ایسے میں ایک ٹیم کے لئے الگ سے سوچ نہیں سکتے۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان کوہلی نے کانفرنس میں کہا کہ انگلینڈ کی سرزمین پر ہونے والا آئی سی سی ورلڈکپ 2019 اب تک کا سب سے چیلنجنگ ورلڈ کپ ہوگا۔ پہلی مرتبہ ورلڈکپ میں ہندوستانی کی کپتانی کی ذمہ داری سنبھالنے والے کوہلی کی قیادت میں15 رکنی ٹیم 30 مئی سے انگلینڈ اینڈ ویلز میں ورلڈکپ کے خطاب کی مضبوط دعویدارکے طور پر اترے گی۔ آئی سی سی ٹورنمنٹ کے لیے روانہ ہونے سے قبل کی شام یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ ایک ایسا ورلڈکپ ہے

جہاں کوئی بھی ٹیم اپنے دن کسی بھی حریف ٹیم کو شکست دے سکتی ہے۔ کوہلی کے کیریئر کا یہ تیسرا ورلڈ کپ ہے لیکن بطورکپتان یہ ان کا پہلا عالمی ٹورنمنٹ ہے۔ کپتان نے کہاکہ میرے لئے یہ اب تک کا سب سے چیلنجنگ ورلڈکپ ہے جہاں کوئی بھی ٹیم کسی بھی ٹیم کو حیران کرسکتی ہے۔ ہر ٹیم کو حالات کے مطابق خود کو جلد ہی ڈھالنا ہوگا۔ ہم ورلڈ کپ میں ہر طرح کے اسکور والے میچ کے بارے میں سوچ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی کپتان نے کہا کہ انگلینڈ کی سرزمین پر ورلڈکپ جیسا میگا ٹورنمنٹ میں دباؤ کا سامنا کرنا سب سے زیادہ اہم ہوگا۔ اگر ہماری ٹیم اور ہمارے کھلاڑی اہم موقعوں پر دباؤ کا سامنا کرلیتے ہیں تو یقینی طور پر ہماری ٹیم کی کارکردگی شاندار رہے گی۔ ہندوستانی ٹیم کے امکانات کے بارے میں انہوں نے کہاکہ اگر ہم پوری طاقت کے ساتھ کھیلیں، تبھی ہم کچھ سوچ سکتے ہیں۔ انگلینڈ کی پچیں فلیٹ ہیں لیکن انگلینڈ میں موسمی حالات بھی معنی رکھتے ہیں۔ اگر آپ لندن جائیں تو آپ کو اپنی تیاریوں میں لچک لانے کی ضرورت ہوگی۔ یہ اچھی بات ہے کہ ہم ورلڈ کپ شروع ہونے سے 8 دن پہلے انگلینڈ جارہے ہیں اور وہاں کے حالات میں ڈھلنے کے لئے ہمیں کافی وقت ملے گا۔ ہماری ٹیم تجربہ کار ہے اور سب ایک دوسرے کے ساتھ اچھا تال میل رکھتے ہیں۔ہندوستانی ٹیم میں کئی تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے لیکن بیٹنگ آرڈر میں ایک بار پھر کوہلی پر دارومدار رہے گا۔ کپتان نے کہا کہ ہمارے لئے یہ کپ کافی چیلنجنگ رہے گا لیکن اچھی بات یہ ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں کے پاس پھر سے متحد ہونے اور تیاریاں کرنے کا موقع رہے گا۔ کوہلی نے کہا کہ کسی بھی بڑے ٹورنمنٹ کے لئے کچھ دن پہلے پہنچ جانا بہتر رہتا ہے او جب بات ورلڈکپ کی ہو تو آپ کو اس کا پورا فائدہ ملتا ہے۔