ہندوستانی ٹیم بہتر مظاہروں کے لئے پرعزم:کوچ

نئی دہلی۔30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈر17 فیفا کی میزبانی کررہے ہندوستان کی فٹبال ٹیم کے چیف کوچ لوئس نارٹن ڈی ماتوس نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کے پاس ٹورنمنٹ میں کھونے کے لئے کچھ نہیں ہے لیکن ہمارے پاس دنیا کو اپنا صلاحیت دکھانے کا بہترین موقع ضرور ہے ۔ہندوستان کی میزبانی میں فیفا انڈر17 ورلڈکپ کا انعقاد6 اکتوبر سے ہونے جارہا ہے ۔ پہلی مرتبہ فیفا ورلڈکپ کی میزبانی کرنے والے ہندوستان کا پہلا مقابلہ امریکی ٹیم سے ہوگا۔ ماتوس نے اس سے قبل امید ظاہر کی کہ ان کی ٹیم دنیا کی بڑی ٹیموں کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہے ۔قومی ٹیم کے کوچ نے ساتھ ہی کہا کہ انہوں نے کھلاڑیوں کو ہر میچ میں پوری طرح لطف اندوز ہوتے ہوئے کھیلنے کی صلاح دی ہے ۔ میزبان ہونے کے ناطے ہندوستانی فٹبال ٹیم پر بہتر کارکردگی کا دباؤ بھی ہے ۔ حالانکہ ماتوس نے کہا آزادی اور ذمہ داری دونوں میں میرا پختہ یقین ہے ۔ فٹبال میں آپ کے پاس فیصلہ لینے کا حق ہونا چاہیے تاکہ آپ میدان پر کھیلنے کے ہر لمحے کا مزہ لے سکیں۔انہوں نے کہا ہمارے پاس کھونے کے لئے کچھ نہیں ہے اور جیتنے کے لئے سب کچھ ہے ۔اگر ہم دنیا کو یہ دکھا سکیں کہ ہم انہیں کے برابر ہیں تو یہی ہمارے لئے سب سے بڑی کامیابی ہوگی۔ ہندوستانی ٹیم عالمی کپ کے گروپ اے میں شامل ہے جہاں اس کے ساتھ امریکہ، کولمبیااور گھانا ہیں۔کولمبیائی ٹیم عالمی کپ کے لئے ہندوستان آنے والی سب سے پہلی ٹیم ہے اور ہریانہ کے گروگرام میں اسی گراؤنڈ پر پریکٹس کررہی ہے جہاں ہندوستانی ٹیم بھی فیفا ٹورنمنٹ کی تیاریاں میں پہلے ہی سے مصروف ہے ۔ہندوستانی ٹیم6 اکتوبر کو امریکہ کے ساتھ اپنا افتتاحی میچ کھیلنے اترے گی۔ اس کے بعد اس کا اگلا مقابلہ9 اکتوبر کو کولمبیا اور گھانا سے 12 اکتوبر کو ہونا ہے