ہندوستانی ٹاپ آرڈر کو بائیں ہاتھ کے بولروں سے خطرہ

لندن ۔27 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے وارم اپ میچ میں ہندوستانی ٹاپ آرڈر کو تباہ کیا۔ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ ہندوستانی ٹیم کا ٹاپ آرڈر بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر کے خلاف ناکام ہوا ہے بلکہ شائقین کو آج بھی 2017 چمپئنز ٹرافی میں محمد عامر کا وہ بولنگ اسپیل یاد ہے جس میں انہوں نے روہت شرما، ویراٹ کوہلی اور شکھر دھون کو پویلین لوٹاکر پاکستان کی اس تاریخی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ اس حوالے سے آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے لیے اپنے خصوصی ویب سائٹ پر محمد عامر اور ٹرینٹ بولٹ کی تصاویر کے ساتھ پیغام میں لکھا کہ 2017 چمپئنز ٹرافی فائنل میں بھی اوول پر ہی ہندوستان کی تین ابتدائی وکٹیں بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے حاصل کی تھیں جبکہ اس مرتبہ بھی ایک بائیں ہاتھ کے ہی فاسٹ بولربولٹ نے ہندوستان کی تین ابتدائی وکٹیں حاصل کی ۔پاکستان میں محمد عامر،وہاب ریاض،نیوزی لینڈ میں ٹرینٹ بولٹ،آسٹریلیا میں میچل اسٹارک،انگلینڈ میں سیام کیرن اور اینڈریو ڈیوسن موجود ہیں جن کے خلاف ہندوستانی ٹاپ آرڈرکو جدوجہد کرنی پڑسکتی ہے۔