ہندوستانی ویمنس فٹبال ٹیم منس ٹیم سے بہتر : چھتری

مائنمار میں 13 اپریل سے اولمپک کوالیفائنگ مقابلے
نئی دہلی۔ 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عالمی رینکنگ کے مطابق ہندوستانی ویمنس فٹبال ٹیم منس ٹیم سے بہتر ہے اور ہندوستانی فٹبال کیپٹن سنیل چھتری کو بھی اس حقیقت کا اعتراف کرنے سے کوئی پس و پیش نہیں ہے کہ خواتین کی ٹیم مردوں کی ٹیم سے بہتر ہے۔ 211 ممالک کی فہرست میں ہندوستانی منس فٹبال ٹیم 103 ویں مقام پر ہے جو گزشتہ سال 100 سرکردہ ممالک کی فہرست میں شامل تھی۔ خواتین کی ٹیم 152 ملکوں کی فہرست میں 62 ویں مقام پر ہے۔ ہندوستانی فٹبال پوسٹر بوائے چھتری نے جو بین الاقوامی سطح پر سرگرم اور سب سے زیادہ گول بنانے والے کھلاڑیوں میں دوسرے مقام پر ہیں، قومی ویمنس ٹیم کی ستائش کی ہے جس نے لگاتار پانچویں مرتبہ جنوبی ایشیائی فٹبال فیڈریشن خطاب جیت لیا ہے۔ آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ بیان میں چھتری نے کہا کہ ’آپ سب پر مجھے بے حد فخر ہے۔ میں ہمیشہ ہی کہتا رہا ہوں کہ خواتین کی ٹیم مردوں کی ٹیم سے کافی بہتر ہے‘۔ چھتری نے مزید کہا کہ ’آپ وہاں جائیں۔ مائنمار میں بہتر نتیجہ دیں۔ میں آپ کے کھیل کا ریکارڈ رکھتا ہوں۔ اچھا کھیل جاری رکھئے‘۔ اولمپک کوالیفائرس کے دو راؤنڈس کیلئے 13 اپریل سے مائنمار میں ہندوستانی ویمنس فٹبال ٹیم کا مقابلہ ہوگا۔