ہندوستانی نژاد پاکستانی شاعرہ فہمیدہ ریاض کا انتقال

لاہور ۔ 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) معروف پاکستانی شاعرہ و انسانی حقوق جہدکار فہمیدہ ریاض کا طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔ مرحومہ 73 سال کی تھیں۔ یاد رہیکہ پاکستان کے سابق فوجی حکمراں جنرل ضیاء الحق کے دورحکومت میں فہمیدہ ریاض پاکستان سے ہندوستان آ گئی تھیں اور کئی سالوں تک جلاوطنی کی زندگی گزاری۔ وہ گزشتہ کچھ عرصہ سے شدید علیل تھیں۔ جولائی 1945ء میں میرٹھ (اترپردیش) کے ایک ادبی گھرانے میں ان کی پیدائش ہوئی۔ تاہم پاکستان کے حیدرآباد (سندھ) میں ان کے والد کا تبادلہ ہونے کے بعد ان کا خاندان وہیں آباد ہوگیا۔ انہوں نے پاکستان میں ہمیشہ خواتین کے حقوق اور جمہوریت کیلئے آواز اٹھائی۔ دی نیوز انٹرنیشنل کے مطابق مرحومہ نے ریڈیو پاکستان اور بی بی سی اردو سرویس (ریڈیو) کیلئے بھی خدمات انجام دیں۔ جنرل ضیاء الحق کے انتقال کے بعد فہمیدہ ریاض سات سال کی جلاوطنی کے بعد دوبارہ پاکستان چلی گئی تھیں۔