ہندوستانی نژاد امریکیوں کا جے شنکر کو وزیرخارجہ مقرر کرنیکا خیرمقدم

ہوسٹن ۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) ٹیکساس میں رہائش پذیر متعدد ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں نے ہندوستان کے نئے وزیرخارجہ کے عہدہ کیلئے ایس جے شنکر کی تقرری کا خیرمقدم کیا ہے۔ ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں کا ماننا ہیکہ امریکہ کے ساتھ ہندوستان کے سیول نیوکلیئر معاہدہ کو قطعیت دینے میں ایس جے شنکر نے کلیدی رول ادا کیا تھا۔ 64 سالہ ایس جے شنکر سابق میں معتمدخارجہ رہ چکے ہیں اور ان کے پاس اس شعبہ کا ایک طویل تجربہ ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ایس جے شنکر کو بطور وزیرخارجہ مقرر کرتے ہوئے اپنی سیاسی بصیرت کا ثبوت دیا ہے کیونکہ ہندوستان کو اپنی خارجہ پالیسی کیلئے ایک انتہائی دوراندیش حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر انڈو امریکن چیمبر آف کامرس آف گریٹر ہوسٹن (IACCGH) کے بانی سکریٹری و ایگزیکیٹیو ڈائرکٹر جگدیپ اہلووالیہ نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ 2013ء میں ایس جے شنکر کو جس وقت امریکہ میں ہندوستان کا سفیر مقرر کیا گیا تھا اس کے بعد انہوں نے سب سے پہلے ہوسٹن شہر کا دورہ کیا تھا لہٰذا چیمبر ان کا ایک بار پھر ہوسٹن میں استقبال کرنے تیار ہے۔ دریں اثناء ایس جے شنکر نے کہا کہ وہ اپنی پیشرو سشماسوراج کے نقش قدم پر چلیں گے۔