ہندوستانی فوج کی بلااشتعال فائرنگ ہندوستانی سفیر سے اظہارمذمت

اسلام آباد ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج مسلسل دوسرے روز بھی ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کئے جانے پر مختلف سوالات کئے۔ دفترخارجہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ڈائرکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء اور سارک) محمد فیصل نے مسٹر سنگھ کو طلب کرتے ہوئے ہندوستانی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کئے جانے کی مذمت کی۔ یاد رہیکہ یکم ؍ مارچ کو بھمبر ؍ سماہینی سیکٹرس میں یہ واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک شہری ہلاک اور اس کی بیوی اور بیٹا زخمی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی افواج نے بھاری مورٹاروں کا استعمال کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ سلسلہ 2017ء سے ہی جاری ہے جہاں ہندوستانی افواج نے 1970ء کی جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کی تھی۔ مسٹر جے پی سنگھ کو 5 ، 15 ، 20 ، 22 ، 24 اور 27 فروری کو طلب کرتے ہوئے ہندوستانی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کرنے کی مذمت کی گئی۔