ہندوستانی غلط مہم جوئی کیخلاف پاکستان کا انتباہ

اسلام آباد ۔6 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے وزیر دفاع خرم دستگیر نے ہندوستان کو اس کی کسی بھی غلط مہم جوئی کی صورت میں جوابی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے ۔ خرم دستگیر نے گزشتہ روز پاکستان ہاوز میں منعقدہ یوم یگانگت کشمیر کے موقع پر خطاب کے دوران یہ ریمارک کیا ۔ صدر ممنون حسین نے اس تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ روزنامہ ٹریبیون نے دستگیر کے حوالہ سے کہاکہ ’’انھیں ( ہندوستان کو ) ، (بلااشتعال) غلط مہم جوئی شروع کرنے کا حق ہوسکتا ہے لیکن اس پر ردعمل اس کی سطح اور شدت ( کے تعین ) کا حق پاکستان کے پاس محفوظ ہے ‘‘ ۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان 2003 ء میں ہندوستان کے ساتھ طئے شدہ جنگ بندی کے سمجھوتے کا پابند ہے۔
لیکن کسی جنگ کی صورت میں ردعمل کے اظہار کو کمزوری تصور نہیں کیا جانا چاہئے ۔ وزیر دفاع نے کہاکہ ’’جنگ بندی کے سمجھوتہ کی پابندی کے لئے ہمارے عہد کو جو اب تک محدود نہیں سمجھا جانا چاہئے ‘‘ ۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ہندوستانی فورسیس کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم میں ملوث ہیں ۔ دستگیر نے کہا کہ ’’مجھ پر فرض بنتا ہے کہ کشمیر میں ہندوستانی فورسیس کی طرف سے کئے جانے والے جرائم کی صحیح نوعیت کا پتہ چلانے کیلئے بین الاقوامی تحقیقات کامطالبہ کیا جائے ‘‘ ۔