ہندوستانی سفیر کو گردوارہ کے دورہ سے روکنے کا الزام مسترد

اسلام آباد ۔ 24جون ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج اس الزام کو مسترد کردیا کہ ہندوستان کے ہائی کمشنر برائے پاکستان اجئے بساریا کو نامور سکھ گردوارہ میں حاضری دینے سے روک دیا گیاتھا ۔ پاکستان نے کہا کہ سفارت کار نے اپنا دورہ منسوخ کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی جب کہ پروفیسر سید حیدر شاہ نے اُن کے دورہ کے خلاف سخت لب و لہجہ میں ایک احتجاج درج کروایا تھا ۔ مبینہ طور پر گردوارہ پنجہ صاحب اور ہندوستانی یاتریوں سے ملاقات میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا کی گئی تھی ۔ پاکستان کو ہندوستانی ہائی کمیشن کے عہدیداروں نے اطلاع دی تھی کہ سفیر کو اُس کے فرائض کی ادائیگی سے روک دیا گیاتھا جو ویانا کنونشن 1961ء میں منظور کئے گئے تھے ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے ٹوئیٹر پر یہ تحریر شائع کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ہائی کمشنر سے کسی قسم کی کوئی بدسلوکی نہیں کی گئی اورانہیں وہ تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جو کسی سفارت کار کو فراہم کی جاتی ہیں ۔ فیصل نے کہا کہ 300سے زیادہ ہندوستانی سکھ پاکستان کا راجہ رنجیت سنگھ کی برسی میں شرکت کیلئے دورہ کرتے ہیں اور حکومت پاکستان اُن کیلئے خصوصی ٹرین کا اہتمام کرتی ہے ۔