ہندوستانی سربراہ فوج کا تبصرہ اشتعال انگیز: پاکستان

اسلام آباد 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ہندوستانی سربراہ فوج جنرل بکرم سنگھ کے تبصرہ کو جس میں خط قبضہ پر جنگ بندی کی کسی بھی امکانی خلاف ورزی پر جوابی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا گیا ہے، انتہائی اشتعال انگیز اور بدبختانہ قرار دیا۔ فوج کے ترجمان اعلیٰ پہلے ہی ایک بیان دے چکے ہیں دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہاکہ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجی اُمور سرتاج عزیز نے بھی کل کہا تھا کہ یہ ایک افسوسناک اور اشتعال انگیز اور بدبختانہ بیان ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس قسم کا بیان ماحول خراب کردیتا ہے۔ وہ ہفتہ وار پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ اُنھوں نے کہاکہ پاکستان خط قبضہ پر خیرسگالی برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ اِسی نظریہ کے تحت فوجی کارروائیوں کے ڈائرکٹر جنرل نے اپنے ہندوستانی ہم منصب کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ اِن کی ملاقات تعمیری تھی۔ دونوں نے کئی اقدامات سے اتفاق کیا تھا۔ ہمیں توقع ہے کہ ہندوستان اِس اتفاق رائے کی پابندی کرے گا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ 13 جنوری کو نئی دہلی میں ’’یوم فوج‘‘ سے پہلے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل بکرم سنگھ نے کہا تھا کہ ہندوستان، پاکستان کی جانب سے خط قبضہ پر معاہدہ صلح کی یا قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں مساوی طاقت سے جوابی کارروائی کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ میں آپ کو تیقن دینا چاہتی ہوں کہ جو بھی کارروائی کی گئی ہے اُس پر خبررساں ٹی وی چیانل جیو نیوز نے 23 سپٹمبر کے اپنے پروگرام میں اُس کی خبر دے دی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ اِس بات پر توجہ چاہتی ہیں کہ اگر ایک عہدیدار اور 9 فوجی ہلاک ہوئے تھے تو دیگر 12 یا 13 زخمی بھی ہوئے تھے، اُس کی وجہ بری فوج کی فائرنگ تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ خط قبضہ پر جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزیاں پاکستان کی جانب سے نہیں ہورہی ہیں۔ جنرل بکرم سنگھ نے کہا تھا کہ پاکستان جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزی کررہا ہے، اگر ہمارے پڑوسی ممالک قواعد کی پابندی نہ کریں تو ہم کیسے کرسکتے ہیں۔ ہندوستان کی کوشش یہ ہے کہ صورتحال کشیدہ نہ ہونے پائے لیکن ہم مساوی طاقت سے جوابی کارروائی ضرور کریں گے۔