ہندوستانی بیٹنگ کے خلاف منصوبہ موجود : چنڈیمل

میرپور۔27فبروری(سیاست ڈاٹ کام )سری لنکا کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان دنیش چنڈیمل نے آج کہا ہے کہ ان کی ٹیم حریف کپتان ویراٹ کوہلی کے غیر معمولی فام سے پریشان نہیں ہے کیونکہ سری لنکائی بولروں کے پاس ہندوستانی بیٹنگ شعبہ کو بہتر مظاہرہ سے روکنے کا منصوبہ موجودہے ۔سری لنکائی ٹیم جس نے پاکستان کو 12رنز سے شکست دیتے ہوئے ایشیا کپ کا کامیاب آغاز کیا ہے وہ کل ہندوستان کے خلاف ٹورنمنٹ کا دوسرا مقابلہ کھیلے گی ۔ چنڈیمل نے مزید کہا کہ ویراٹ کوہلی ان دنوں غیرمعمولی فام میں ہیں جب کہ مجموعی طور پر ٹیم ایک بہترین اور متوازن ٹیم ہے ‘ جیسا کہ گذشتہ دو تین برسوں سے ہندوستانی ٹیم کے مظاہرے بہترین ہے لیکن ہمارے پاس ملنگاجیسے عالمی معیار کے بولرس بھی موجود ہیں ۔ چنڈیمل نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف مکمل سیریز کھیلنے سے سری لنکائی ٹیم کو یہاں کے حالات سے اچھی طرح واقفیت ہوچکی ہے۔

عمر اکمل کو عدالت نے 11مارچ کو طلب کرلیا
لاہور ۔27فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی اور ٹریفک وارڈن سے جھگڑے کے مقدمہ میں پاکستانی بیٹسمین عمراکمل کے خلاف عدالت نے سمن جاری کرتے ہوئے انہیں 11 مارچ کو عدالت حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔ اکمل کے وکیل نے اڈیشنل اور سیشن جج امتیاز نور کوآج مطلع کیا کہ ان کے موکل عدالت میں حاضر نہیں ہوسکتے ہیں کیونکہ وہ بنگلہ دیش میں رواں ایشیا کپ میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں جس پر جج نے سنوائی کو ملتوی کرتے ہوئے 11مارچ کو انہیں عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا ہے ۔ دریں اثناء اکمل کے وکیل نے مزید کہاکہ ٹی وی چینل پر کرکٹر کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری ہونے کی جھوٹی خبر نشر کی گئی ہے ۔