ہندوستانی بولروں کا مایوس کن مظاہرہ،میزبان356/6

سڈنی۔30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سمیع اور امیش یادو کے ابتدائی مہنگے اوورز سے کرکٹ آسٹریلیا الیون کے اوپنر ڈی آرکي شارٹ اور میکس بروٹ نے اپنی شاندار نصف سنچریاں بناکر ٹیم کو مضبوط مقام میں پہنچا دیا اور میزبان ٹیم نے پریکٹس میچ کے تیسرے دن جمعہ کو کھیل کے ختم ہونے تک چھ وکٹ پر356 رنز بنا ئے ۔ سی اے الیون اب ہندستان کے اسکور سے دو رن پیچھے ہے اور اس کے چار وکٹ باقی ہیں۔ ہندستانی ٹیم نے کل اپنی پہلی اننگز میں تمام وکٹ گنواکر 358 رن بنائے تھے لیکن میزبان ٹیم کے بیٹسمینوںکی کارکردگی ہندوستانی بولروں کے سامنے کافی متاثر کن رہی اور شارٹ اور میکس نے پہلے ہی وکٹ کے لئے 114 رن جوڑ دیئے ۔ دن کے اختتام تک سی اے الیون کی اننگز میں دو اور بیٹسمینوں نے نصف سنچری شامل کر دیئے ۔ لوورآرڈرمیں ہنری نیلسن ناٹ آؤٹ56 اورآرون ہارڈی ناٹ آؤٹ69 رنز بنا کر کریز پر ہیں۔ سمیع اور امیش نے ابتدا میں مہنگے اوور ڈالے اور پانچ رن فی اوور سے رن لٹایے جبکہ تھوڑی دیر بعد ہندستانی نوجوان اوپنر پرتھوی شا ٹخنے میں چوٹ لگا کر اسپتال پہنچ گئے ۔ پرتھوی چھ دسمبر کو شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ سے باہر ہو گئے ہیں جس نے بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی ہندستان کی پریشانی بڑھا دی ہے ۔سی اے الیون نے صبح اپنی اننگز کا آغاز کل کے24 رنز سے کیا۔ اس وقت اس کے تمام وکٹ محفوظ تھے اور شارٹ10 اورمیکس14 رن پر ناٹ آؤٹ تھے ۔ شارٹ نے 91 گیندوں کی اننگز میں11 چوکے لگا کر 74 رن بنائے جبکہ بروٹ نے65 گیندوں کی اننگز میں نو چوکے اور ایک چھکا لگا کر62 رنز بنائے ۔ میکس کو آف اسپنر روی چندرن اشون نے بولڈ کر19 ویں اوور میں ہندستان کو پہلی کامیابی دلائی۔اس شراکت کے ٹوٹنے کے بعد شارٹ کو سمیع نے وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کراکر 34 ویں اوور میں دوسرا وکٹ درج کیا۔ ٹیم کے کپتان سیم واٹمین نے35 رنز بنائے جنہیں سمیع نے ہی بولڈ کیا جبکہ پرم اپل(05) کو اشون نے رن آؤٹ کیا۔ جیک کارڈر(38) کو سمیع نے پانچویں وکٹ کے طور پر آؤٹ کیا۔ سمیع نے پھر جوناتھن میرلو(03) کو پنت کے ہاتھوں کیچ کرا مخالف ٹیم کا چھٹا وکٹ نکالا اور میچ میں اپنا تیسرا وکٹ مکمل کیا۔ دن کے اختتام تک ساتویں وکٹ کے لئے122 رنز کی ناٹ آؤٹ ساجھے داری کر ڈالی۔ نیلسن نے چار چوکے لگا کر ناٹ آؤٹ 56 رن اور ہارڈی نے آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگا کر ناٹ آؤٹ 69 رن بنائے ۔ ہندستان کے لیے سمیع نے 18 اوور میں 67 رن دے کر تین وکٹ لئے امیش کو 81 اوور میں ایک وکٹ اور اشون کو 24 اوور میں 63 رن پر ایک وکٹ ملی۔