ہندستان کی101 ویں میچ میں سب سے بڑی کامیابی

ڈبلن، 30جون (سیاست ڈاٹ کام) اوپنر لوکیش راہل (70) اور سریش رینا (69) کی طوفانی نصف سنچریوں کی بدولت اور یوجندر چہل اور کلدیپ نے تین تین وکٹیں لے کر شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے اور آخری ٹی۔20 بین الاقوامی کرکٹ میچ میں ہندوستان نے آئرلینڈ کو 142 رنوں سے ہراکر دو میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کا صفایا کردیا۔ہندوستان نے پہلا میچ 76 رن سے جیتا تھا اور دوسرا میچ اس سے بھی بڑے فرق سے 143 رن سے جمعہ کے روز جیت لیا۔ ہندستان کی اپنے ٹوئنٹی -20 میچوں کی تاریخ میں 101 ویں میچوں میں یہ سب سے بڑی فتح ہے ۔ ہندستان اس سے قبل رنوں کے لحاظ سے سب سے بڑی فتح گزشتہ برس دسمبر میں سری لنکا کے خلاف کٹک میں 93 رن سے تھی۔مجموعی طور پر ٹوئنٹی 20 کی تاریخ میں یہ رنوں کے لحاظ سے یہ تیسری سب سے بڑی جیت ہے ۔ ہندستان کا انگلینڈ کے خلاف مشکل سریز شروع ہونے سے پہلے یہ آخری بین الاقوامی میچ تھا۔ ہندستان کو انگلینڈ سے پہلا ٹوئنٹی -20 میچ 3 جولائی کو مانچیسٹر میں کھیلنا ہے ۔ہندستان نے اس میچ میں سلامی بلے باز شکھر دھون، مہندر سنگھ دھونی، بھونیشور کمار اور جسپریت بمراہ کو آرام دے کر لوکیش راہل ، دنیش کارتک، امیش یادو اور سدھارتھ کول کو موقع دیا ۔ ہندستان کی چار تبدیلیاں آئرلینڈ پر اور بھی بڑی پڑی۔ آئر لینڈ کے بلے بازوں کے پاس ہندستان کے اسپنروں چہل اور کلدیپ کا کوئی جواب نہیں تھا۔ پہلے میچ میں چار وکٹ لینے والے چائنا مین گیند باز کلدیپ نے 2.3 اوور میں 16 رن دے کر وکٹ لئے جبکہ پہلے میچ میں تین وکٹ لینے والے لوگ اسپنر چہل نے چار اوور میں 21 رن پر تین وکٹ لئے ۔ تیز گیند باز امیش یادو نے 19 رن پر دو وکٹ سدھارتھ نے چار پر ایک وکٹ اور ہاردک پانڈیا نے 16 رن پر ایک وکٹ لیا۔آئر لینڈ کے چار بلے با ز ہی دہائی کے عدد سے پہنچ سکے اور کپتان گیری کرسٹن نے سب سے زیادہ 15 رن بنائے ۔ آئر لینڈ نے اپنے آخری 8 وکٹ محض 40رن جوڑ کر گنوائے اور اس کی پاری 70 رن پر سمٹ گئی۔