ہند،انگلینڈ کے ساتھ آسٹریلیا بھی ورلڈ کپ کی دعویدار

جنوبی افریقہ پسندیدہ ٹیموں میں شامل نہیں: ڈی ویلئیرس

نئی دہلی۔ 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں خطاب کی دعویداری کیلئے پاکستانی ٹیم بھی ابراہام ڈی ویلیئرز کی چار پسندیدہ ٹیموں میں شامل ہے لیکن سابق کپتان نے کہا ہے کہ جنوبی افریقی ٹیم ٹرافی کی دوڑ میں شامل ہے لیکن پسندیدہ نہیں کہی جا سکتی۔ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے دورجدید کے بہترین بیٹسمین ابراہام ڈی ویلیئرز نے رواں سال مقرر ورلڈکپ ٹورنمنٹ کے حوالے سے آئی سی سی کی ویب سائٹ پر اپنی رائے دیتے ہوئے اگرچہ ہندوستان،انگلینڈ اورآسٹریلیا کو اپنی پسندیدہ ٹیمیں قراردیا لیکن وہ پاکستان کو بھی اس فہرست میں شامل کرنے پر مجبور ہو گئے اور کہا کہ پاکستان نے دوسال قبل انگلینڈ میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے واضح کیا کہ ورلڈ کپ کی کامیابی کیلئے ہندوستان اور انگلینڈ مضبوط امیدوار ہیں جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا کو شامل کرکے انہیں چار ٹیمیں اہم محسوس ہوتی ہیں کیونکہ آسٹریلیائی ٹیم ماضی میں پانچ مرتبہ ٹرافی پر قبضہ کر چکی ہے۔جنوبی افریقی ٹیم کے متعلق انہوں نے کہا کہ وہ بھی یقینی طور پر اس دوڑ میں شامل ہے لیکن سچی بات یہی ہے کہ اسے پسندیدہ نہیں کہا جا سکتا جس کی حالیہ کارکردگی حوصلہ افزاء تو ہے لیکن وہ ان چار ٹیموں میں شامل نہیں۔ آئی پی ایل میں رواں برس رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کیلئے تیار ابراہام ڈی ویلیئرز نے ویراٹ کوہلی کو دنیا کا بہترین ونڈے پلیئر قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ہندوستانی کپتان بھی ان کی طرح فائٹر اور مشکل لمحات میں ہار نہ ماننے والا ہے جو ہر ممکن کوشش کرتا ہے کہ اچھی بیٹنگ کی بدولت اپنی ٹیم کو فتح دلائے۔