ہم نے اپنی طرز سے کھیلا ہے سیریز جیت کی اہمیت: ہاڈن

سڈنی ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف ڈرا تیسرے کرکٹ ٹسٹ میں اپنی ٹیم کی حکمت عملی کی مدافعت کرتے ہوئے آسٹریلیائی وائس کیپٹن براڈ ہاڈن نے آج کہاکہ میزبانوں نے ہندوستان کو سیریز سے باہر کرنے کے بعد اپنی مرضی کے مطابق کھیل کھیلا ہے۔ ’’ہم نے سیریز جیت لی، یہی اہم چیز ہے جو ہمیں حاصل ہوئی۔ میرے خیال میں ہمیں اُس انداز میں کھیلنے کا پورا اختیار ہے جس طرح ہم نے ملبورن میں کھیلا۔ ہم نے ہندوستان کو سیریز سے بالکلیہ طور پر باہر کردیا‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ سڈنی کا موقع آنے دیجئے، اگر ہم اُسی طرح کی صورتحال میں دوبارہ ہوتے ہیں تو اُس وقت معاملہ مختلف رہے گا کیونکہ ہم سیریز جیت چکے ہیں۔ اِس طرح ہمیں اپنی مرضی کے مطابق کھل کر کھیلنے کا پورا اختیار ہے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ملبورن ٹسٹ میں آسٹریلیا کو بخوبی اندازہ تھا کہ میچ کس سمت جارہا ہے اور اُنھیں خوشی تھی کہ اِس کا اختتام سیریز میں کامیابی کے ساتھ ہوا۔ آسٹریلیا نے تیسرے ٹسٹ کے ڈرا ہوجانے کے بعد 2-0 کی ناقابل عبور سبقت حاصل کرلی ہے۔ میزبان ٹیم پر ملبورن میں دفاعی انداز اختیار کرلینے اور خاص طور پر اُن کی ناقص فیلڈنگ پر بھی تنقیدیں ہوئیں۔