ہم مشرف کیلئے پاکستان نہیں آئے سعود الفیصل کی وضاحت

اسلام آباد ، 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل بن عبدالعزیز السعود نے آج کہاکہ وہ ملک سے غداری کے مقدمہ کا سامنا کرنے والے سابق فوجی ڈکٹیٹر پرویز مشرف پر کوئی ’معاملت‘ طے کرنے کیلئے اسلام آباد نہیں آئے ہیں۔ یہ پاکستان کا داخلی معاملہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ دوستی اور تعاون کے پیغام کے ساتھ پاکستان پہنچے ہیں اور وہ کسی ’خاص‘ مقصد کیلئے یہاں نہیں آئے ہیں ۔ سعود الفیصل نے کہا، ’’سعودی عرب، پاکستان کے داخلی معاملے میں مداخلت نہیں کرے گا‘‘۔ گزشتہ سال جون میں منعقدہ عام انتخابات میں نواز شریف کے وزیراعظم بننے کے بعد کسی اعلیٰ سعودی ذمہ دار کا یہ پہلا دورہ ہے۔