ہمیں کمبلے سے بہت سیکھنے کو ملے گا : مرلی وجئے

بنگلورو ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی اوپننگ بیٹسمن مرلی وجئے نومقررہ ہیڈ کوچ انیل کمبلے کے بڑے مداح ہیں اور کہتے ہیں کہ کھلاڑیوں کو عظیم لیگ اسپنر سے سیکھنے کا سنہری موقع نصیب ہوا ہے۔ انھوں نے آج یہاں کے ایس سی اے اسٹیڈیم میں انڈیا کیمپ کے دوسرے روز میڈیا کو بتایا کہ ’’میرا پہلا ٹسٹ میچ اُن (کمبلے) کا آخری ٹسٹ میچ تھا اور درحقیقت میں نے اُن کے ساتھ زیادہ وقت نہیں گزارا، لیکن کم عمری سے ہی میں اُن کا بڑا مداح رہا ہوں۔ اب نوجوان کھلاڑیوں کیلئے زبردست موقع ہے کہ اُن سے کرکٹ کے تعلق سے بات کریں اور اُن سے سیکھتے ہوئے ترقی کریں۔ لہٰذا ہمارے لئے زبردست وقت رہے گا‘‘۔ یہ پوچھنے پر کہ کمبلے۔ ویراٹ کوہلی ترکیب کے بارے میں وہ کیا رائے رکھتے ہیں، وجئے نے کہا کہ اس طرح کا تبصرہ قبل از وقت رہے گا لیکن انڈین کرکٹ کیلئے آنے والے 12 ماہ شاندار ہونے کی توقع ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وجئے نے کہا کہ ٹیم نے روی شاستری کے ساتھ بھی اچھا وقت گزارا جب وہ ٹیم ڈائریکٹر رہے اور بلاشبہ کھلاڑیوں کا کمبلے سے بھی کئی گُر سیکھنا یقینی ہے۔