ہمیں اپنی تاریخ کی عدیم النظیر جنگ کا سامنا ہے: ایرانی صدر

دبئی۔12 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایران پر امریکہ کی جانب سے عائد کڑی پابندیوں کے تناظر میں صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ان پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ملک کی سیاسی جماعتوں کو متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ پابندیاں 1980 کی عراق جنگ سے زیادہ سخت ہو سکتی ہیں۔جمعرات کے روز امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایرانی قیادت پر زور دیا تھا کہ وہ اپنا نیوکلیئر پروگرام ختم کر کے ان سے مذاکرات کریں کیونکہ موجودہ صورتحال برقرار رہنے کی صورت میں وہ فوجی محاذ آرائی کو خارج از امکان نہیں سمجھتے۔صدر ٹرمپ کی یہ پیشکش ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے کہ جب امریکہ نے ایران پر فوجی اور اقتصادی دباؤ بڑھاتے ہوئے اسی ماہ ایرانی تیل برآمدات کو تقریباً صفر کر دیا تھا جبکہ دوسری جانب خلیج میں امریکی بحریہ اور فضائیہ کی موجودگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ’’ایرنا‘‘ نے صدر روحانی سے منسوب بیان میں بتایا ہے کہ ’’آج یہ کہنا مشکل ہے کہ حالات اسی کی دہائی میں ایران۔ عراق جنگ سے بہتر یا زیادہ خراب ہیں، تاہم ماضی کی جنگ میں ہمارے تیل کی فروخت، درآمدات سمیت بنکنگ سیکٹر کو مسائل درپیش نہیں تھے‘‘۔